ایرانی وفد شام میں صدارتی انتخابات کی نگرانی کرے گا
ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کا ایک وفد، شامی حکومت کی دعوت پر وہاں ہونے والے صدارتی انتخابات کی مبصرکی حیثیت سے نگرانی کرے گا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ تعلقات کمیشن کی رکن زہرا الٰہیان نے بتایا ہے کہ ایرانی وفد کے علاوہ دیگر ملکوں کے پارلیمانی وفود بھی شام میں ہونے والے صدارتی انتخابات کی نگرانی کے لیے وہاں موجود ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ قرائن و شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ شام کے صدارتی انتخابات میں عوامی شرکت کا تناسب بہت زیادہ رہے گا اور اس الیکشن میں شامی عوام ملک کی تعمیر نو اور ترقی کے لیے مناسب ترین فرد کا انتخاب کریں گے۔
زہرا الٰہیان نے تہران دمشق تعلقات کے بارے میں کہا کہ ، دونوں ملکوں کی پارلیمانوں کے درمیان بہت مضبوظ اور پائیدار تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی پارلیمنٹ شروع ہی سے شامی عوام کی حامی تھی اور آئندہ بھی رہے گی۔ شام کے صدارتی انتخابات چھبیس مئی کو کرائے جائیں گے جس میں موجودہ صدر بشار اسد کے علاوہ عبداللہ سلوم عبداللہ اور محمد احمد مرعی بھی امیدوار ہیں۔