امام خمینی (رہ) کی سیاسی بصیرت کے موضوع پر بین الاقوامی آن لائن کانفرنس
مادی طاقت ہی دنیا میں اقتدار کا سرچشمہ نہیں،عوام کے عزم و ارادے سے دنیا کی بڑی طاقتوں کو شکست دی جاسکتی ہے: جواد ظریف
ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے بین الاقوامی نظام کی تبدیلی میں اسلامی انقلاب کے بنیادی کردار پر زور دیا ہے۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بدھ کو امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی سیاسی بصیرت کے زیر عنوان منعقدہ آن لائن بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ اور اسلامی انقلاب نے ثابت کردیا کہ مادی طاقت ہی دنیا میں اقتدار کا سرچشمہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغرب اور مشرق کی دونوں سپر طاقتوں میں سے کوئی بھی یہ نہیں چاہتا تھا کہ اسلامی انقلاب کامیاب ہو لیکن امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے بھی دنیا کو دکھا دیا کہ عوام کے عزم و ارادے سے دنیا کی بڑی طاقتوں کو شکست دی جاسکتی ہے ۔
وزیر خارجہ ظریف نے کہا کہ ایران گزشتہ چار عشرے کے دوران مسلط کردہ جنگ، اقتصادی پابندیوں، معاشی جنگ، اور اقتصادی، فوجی، ماحولیاتی نیز طبی سمیت انواع و اقسام کی دہشت گردیوں سے دوچار رہا لیکن آج سربلند و سرفراز ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی طاقتیں اپنی مادی توانائی سے ملکوں پر دباؤ ڈال سکتی ہیں اور ان کو نقصان پہنچا سکتی ہیں لیکن دنیا کے حالات کو اپنے کنٹرول میں نہیں لے سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی اور اسلامی انقلاب نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام کے ایمان، یقین اور نصرت الہی سے سپر طاقتوں پر بھی غلبہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی برسی کی مناسبت سے ان کے سیاسی افکار کا جائزہ لینے کے لئے یہ بین الاقوامی آن لائن کانفرنس بدھ کو تہران کے مضافات میں آپ کے مزار اقدس میں منعقد ہوئی۔