تیسرا اور آخری انتخابی مناظرہ جاری و ساری
ایران کے نامزد صدارتی امیدواروں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی وی مباحثہ جاری ہے اور توقع ہے کہ مققامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے تک جاری رہے گا۔
انتخابی مہم کے نگراں کمیشن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق تیرہویں صدارتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے درمیان تیسرے اور آخری مباحثے میں، عوامی مسائل اور مشکلات کے حل کے بارے میں گفتگو جاری ہے۔
مباحثہ مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے سے جاری ہے۔
صدارتی امیدواروں کے درمیان یہ مباحثہ قومی نشریاتی اداے کے مختلف ٹی وی اور ریڈیو چینلوں کے علاوہ ، بیرونی سروس کے چینلوں پریس ٹی وی انگلش اور العالم عربی سے بھی براہ راست نشر کیا جا رہا ہے۔
ایران کے نامزد صدارتی امیدواروں کے درمیان پہلا ٹی وی مباحثہ پانچ جون کو ہوا تھا جس میں اقتصادی معاملات کے بارے میں بحث ہوئی جبکہ دوسرا ٹی وی مباحثہ آٹھ جون کو ہوا تھا جس میں نامزد صدارتی امیدواروں نے ثقافتی، سماجی اور سیاسی معاملات کے بارے میں اپنے اپنے پروگراموں پر روشنی ڈالی تھی۔
پہلے اور دوسرے مباحثہ کے موقع پر ایران بھر میں تعطیل کا سما رہا، سڑکوں اور شاہراہوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھا اور لوگ گھروں، دکانوں اور دفاتر نیز شاپنگ مالز میں نصب ٹیلی ویژن کے ذریعے انتہائی دلچسپی کے ساتھ مباحثہ دیکھتے نظر آئے۔
ایران کے صدارتی انتخابات کے لیے سات امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا جن میں علی رضا زاکانی، محسن رضائی، محسن مہر علی زادے، سید ابراہیم رئیسی، عبدالناصر ہمتی اور سید امیر حسین قاضی زادہ ہاشمی اور سعید جلیلی شامل ہیں۔
صدارتی انتخابات کے لیے اٹھارہ جون کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اسی روز ایران کے عوام اپنے صدر کے انتخاب کے علاوہ پارلیمنٹ، ماہرین کی کونسل مجلس خبرگان رہبری کے ضمنی انتخابات نیز ملک بھر کی بلدیاتی کونسلوں کے ارکان کے انتخاب کے لیے بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔