بیرون ملک مقیم ایرانیوں کے لئے ووٹنگ کو آسان بنانے کی تیاری مکمل
ایران کی وزارت خارجہ اور بیرون ملک ایران کے نمائندہ دفاتر اوور سیز ایرانیوں کے شایان شان انتخابات کے انعقاد کی بھرپور کوشش کررہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ایرانی شہری اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ایک بیان میں بیرون ملک صدارتی انتخابات کے انعقاد کے مواقع فراہم کرنے کے سلسلے میں رہبر انقلاب اسلامی کی تاکید کا ذکر کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم ایرانیوں پر رہبرانقلاب اسلامی کی خاص توجہ کا شکریہ ادا کیا اور خاص طور سے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدارتی انتخابات میں بھرپور ووٹنگ کی زمین ہموار کئے جانے پر آپ کی تاکید کے بارے میں کہا کہ دسمبردوہزاربیس میں ہی ایران کی وزارت خارجہ نے بیرون ملک ایران کے نمائندہ دفاتر کو انتخابات کے عمل کے آغاز سے آگاہ کردیا تھا اور انتخابات کے انعقاد کی زمین ہموار کرنے کی ہدایت جاری کردی تھی۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ مئی کے مہینے میں بھی وزارت خارجہ نے بیلٹ باکس سمیت تیرہویں صدارتی انتخابات کے انعقاد کے لئے لازمی چیزوں کو الیکشن کمیشن اور آئین کی نگراں کونسل کے نمائندوں کی موجودگی میں تحویل میں لینے کے بعد انھیں دنیا بھر میں موجود اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفاتر میں بھیج دیا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ایران کے باہر اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفاتر میں صدارتی انتخابات میں ووٹ دینے کے لئے دوسو چونتیس ووٹنگ کے مراکز قائم کئے گئے ہیں اور صرف تین ملک سنگاپور، یمن اور کینیڈا میں ایران کے صدارتی انتخابات کے لئے ووٹنگ نہیں ہوسکے گی۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ بیرون ملک بعض ممالک میں خاص طور سے کورونا کی بندشوں کے پیش نظر ایرانیوں کے لئے بڑے پیمانے پر انتخابات میں حصہ لینے کی زمین ہموار کرنے کے ساتھ ہی کورونا سے متعلق میزبان ملک کے میڈیکل پروٹوکول کا بھی خیال رکھے جانے کا انتظام کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ملیشیا جیسے بعض ممالک میں کورنٹائین کی سخت پابندی کے باوجود ممکنہ حد تک پولنگ بوتھوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدارتی انتخابات کے لئے باقی بچے وقت میں وزارت خارجہ اور بیرون ملک ایران کے نمائندہ دفاتر کی جانب سے ایرانیوں کے لئے ان کے شایان شان انتخابات کے انعقاد کے لئے زیادہ سے زیادہ تیاری کی جائے گی ۔