ایران اور ہندوستان روٹا وائرس کی مشترکہ ویکسین تیار کریں گے
Jun ۱۷, ۲۰۲۱ ۲۰:۰۶ Asia/Tehran
ایران اور ہندوستان روٹا وائرس کی مشترکہ ویکسین کی تیاری میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق ایران کے پاسچر انسٹی ٹیوٹ اور ہندوستان کی بھارت بائیوٹیک کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت روٹا وائرس ویکسین کی تیاری کی غرض سے ٹیکنالوجی کا تبادلہ کیا جائے گا۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب آن لائن منعقد ہوئی اور دونوں فریقوں نے، ویکسین سازی کے دوسرے میدانوں میں بھی باہمی تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔قابل ذکر ہے کہ روٹا وائرس بچوں میں اسہال کا سبب بنتا ہے اور دنیا کا ہر بچہ ، پانچ سال کی عمر تک کم سے کم ایک بار اس بیماری میں مبتلا ہوتا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں ہرسال، پانچ سال سے کم عمر کے پانچ لاکھ بچے روٹا وائرس کے نتیجے میں ہلاک ہوجاتے ہیں۔