اسلامی جمہوریت کے جشن میں مراجع کرام اور اعلی حکام کی شرکت
ایران کے صدارتی اور بلدیاتی انتخابات میں عوام کے ساتھ ساتھ مراجع کرام اور اعلی سیاسی اور حکومتی شخصیات نے بھی اپنے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا اور عوام سے ووٹنگ کے عمل میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔
مراجع تقلید آیت اللہ حسین نوری ہمدانی اور آیت اللہ جعفر سبحانی نے جمعے کے روز ایران میں ہونے والے صدارتی اور بلدیاتی انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
آیت اللہ حسین نوری ہمدانی نے اپنا ووٹ ڈالتے ہوئے کہا کہ سب کو چاہئے کہ انتخابات میں شرکت کریں اور یہ شرکت وسیع پیمانے پر ہونی چاہئے۔
ایک اور مرجع تقلید آیت اللہ جعفر سبحانی نے بھی بلدیاتی کونسلوں کے چھٹے اور مجلس خبرگان کے پانچویں دور کے نمائندوں کے انتخابات کی پولنگ کے ساتھ ساتھ تیرہویں صدارتی انتخابات کے لئے اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ گھر سے باہر نکلیں اور انتخابات میں بھرپور شرکت اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔
اسی طرح ایران کے آئین کی نگراں کونسل کے سربراہ آیت اللہ جنتی کے علاوہ مذکورہ کونسل کے ارکان آیت اللہ سید احمد خاتمی آیت اللہ مہدی شب زندہ دار اور آیت اللہ سید محمد رضا مدرسی یزدی نے بھی اپنے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا اور آج صدارتی انتخابات کے لئے ڈالے جا رہے ایک ایک ووٹ کی اہمیت پر زور دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بھی الیکشن کمیشن آفس پہنچ کر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ صدر مملکت نے تیرہویں صدارتی انتخابات کی ووٹنگ میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے صدارتی انتخابات ملک کے اہم ترین انتحابات ہیں اور پوری دنیا کی توجہ ایران کے ان انتخابات پر مرکوز ہے۔
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ عوام اس بات کو بخوبی سمجھتے ہیں کہ ایران کے یہ انتخابات ملک کے اسلامی جمہوری نظام اور خود ان کے لئے کتنی اہمیت کے حامل ہیں۔
ایران کے پارلیمالی اسپیکر محمد باقر قالیباف نے بھی مسجد جامع ابوذر پہنچ کر بیلٹ باکس میں اپنا ووٹ ڈالا۔ انہوں نے انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت کی اہمیت پر زور دیا۔
ایران کے تیرہویں صدارتی انتخابات کے نامزد امیدوار سید ابراہیم رئیسی نے بھی جمعے کے روز انتخابات میں شرکت کی اور اپنے حق رائے کا استعمال کیا۔ انہوں نے اپنا ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے خدمت گزار ہیں۔
ایک اور صدارتی امیدوار عبد الناصر ہمتی نے بھی تیرہویں صدارتی انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگر انتخابات میں کامیاب نہ بھی ہوئے تو بھی عوام کی خدمت اور اپنے انتخابی نعروں پر عمل کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے۔
بانی انقلاب اسلامی امام خمینی کے تاریخی مکان اور حسینیہ میں رکھے گئے بیلٹ باکس میں بھی بہت سی اہم شخصیات منجملہ بانی انقلاب کے مزار کے متولی سید حسن خمینی، بانی انقلاب کی بیٹی زہرا مصطفوی، سابق صدر سید محمد خاتمی، صدارتی انتخابات کے سابق امیدوار علی رضا زاکانی سمیت مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات نے اپنا اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
اسکے علاوہ ملک کے دیگر سبھی سول اور فوجی اعلیٰ عہدے داروں نے بھی الگ الگ پولنگ مراکز پر جاکر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔