انتخابات کے اصلی فاتح عوام ہیں: رہبر انقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے حالیہ انتخابات میں اصل فاتح ایرانی عوام کو قرار دیا ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے صدارتی انتخابات میں عوام کی بھرپور اور پرجوش شرکت کو سراہتے ہوئے سنیچر کو اپنے ایک پیغام میں فرمایا ہے کہ انتخابات میں حاصل ہونے والی عظیم کامیابی دراصل عوام کی کامیابی ہے ۔آپ نے اپنے پیغام میں فرمایا کہ نہ معاشی مشکلات کا شکوہ اور نہ ہی عوام کےحوصلے پست کرنے کے لئے مخالفین کے پروپیگنڈے نہ وبائی بیماری کورونا کے خطرات جیسے عوامل اور نہ ہی ووٹنگ شروع ہونے کے بعد ابتدائی لمحات میں پیش آنے والی بعض مشکلات، ان میں سے کوئی بھی چیز ووٹنگ میں بھر پور شرکت کے لئے عوام کے ارادوں کو کمزور نہ کرسکی ۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایرانی عوام کو مخاطب کرکے فرمایا: اٹھارہ جون کے انتخابات میں بھر پور اور ولولہ انگیز شرکت نے آپ کے قابل فخر کارناموں میں ایک اور باب کا اضافہ کیا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ اٹھارہ جون کے انتخابات میں اصل فاتح ایران کے عوام ہیں جو دشمنوں اور بدخواہوں کے زرخرید تشہیراتی اداروں کے پروپیگنڈوں کے مقابلے میں اٹھ کھڑے ہوئے اور ملک کے سیاسی میدان میں اپنی موجودگی کا ثبوت پیش کیا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ خداوند علیم و قدیر نے ایرانی عوام کو جو کامیابی عطا فرمائی ہے اور ایران نیز اسلامی جمہوریہ پر جو نظر کرم ڈالی ہے ،اس کے لئے میں بہت زیادہ شکرگزار ہوں اور ایرانی عوام کی قدردانی کرتا ہوں۔
آپ نے حالیہ صدارتی اور دیہی نیز شہری کونسلوں کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے افراد کے بارے میں فرمایا کہ ان حضرات کو جو عظیم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ان پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے صدارتی الیکشن اور بلدیاتی کونسلوں کے انتخابات میں جیتنے والوں کو مخاطب کرکے فرمایا کہ ایران کے باوفا عوام کی قدر کریں ، اور قانون نے آپ کے لئے جو فرائض معین کئے ہیں، ان کی پابندی کریں ۔