Jun ۲۲, ۲۰۲۱ ۱۵:۳۷ Asia/Tehran
  • ایرانی عوام نے بدخواہوں کے پروپیگنڈے پر کان نہیں دھرے، ترجمان حکومت ایران

حکومت ایران کے ترجمان نے کہا ہے کہ عوام نے اپنی بھرپور شرکت سے پابندیاں لگانے والوں اور انتخابات کے بائیکاٹ کی ترغیب دلانے والوں کو منہ توڑ جواب دے دیا ہے۔

منگل کو آن لائن پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت ایران کے ترجمان علی ربیعی کا کہنا تھا کہ ایران اسلامی کے ازلی مخالفین  نے انتخابات کے خلاف منفی پروپیگنڈہ مہم چلائی اور عوام میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کی لیکن ایرانی عوام نے ان کی ایک نہ سنی۔

حکومت ایران کے ترجمان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ امریکی حکومت دنیا کے دیگر ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور ان کے جمہوری نظام  کے بارے میں زبان کھولنے کے بجائے اپنے اندرونی معاملات کو درست کرنے کی کوشش کر ے۔  

ویانا مذاکرات کے بارے میں حکومت ایران کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایٹمی معاہدے کی بحالی کے لیے جاری مذاکرات پر اندرونی سیاست اور انتخابات کے نتائج کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ  ملک کی وسیع  تر پالیسیوں کے تناظر میں رہبر انقلاب اسلامی اور  اعلی پالیسی ساز اداروں کی مرتب کردہ پالیسی کے تحت، ایران کی ہر حکومت زیادہ سے زیادہ قومی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے مذاکرات کو آگے بڑھانے کی پابند ہے۔

ٹیگس