Jun ۲۳, ۲۰۲۱ ۱۶:۴۲ Asia/Tehran
  • جمہوریت اور اسلامیت نظام حکومت کے اہم ستون ہیں/ ہم نے امریکہ سے اقتصادی جنگ لڑی ہے/ سب مل کر نومنتخب صدر کی حمایت و مدد کریں: صدر روحانی

صدر ایران حسن روحانی نے جمہوریت اور اسلامیت کو نظام حکومت کے دو اہم ستون قراد دیتے ہوئے اس بار پر زور دیا ہے کہ پارٹی اور سیاسی دھڑے بازی سے ماورا ہوکر سب کو منتخب صدر کی حمایت و مدد کرنی چاہئے۔

بدھ کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ہم سب کو اس بات کی کوشش کرنا چاہیے کہ ہمارے کردار کی وجہ سے اسلام پر کوئی آنچ نہ آئے۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ اسلام خود نظام سیاست، اخلاق، واضح احکامات اور انصاف کا حامل ہے اور ہر رنگ و نسل اور صنف کے احترام کا مذہب ہے، ساتھ ہی اسلام میں ہر چیز اپنے مقام پر رکھی گئی ہے۔

صدر ایران نے جھوٹ اور عدم صداقت سے بچنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی ہونے کا مطلب صرف نعرے لگانا نہیں بلکہ ہمیں ایسے سماج کی تشکیل دینا ہے جن میں کوئی بھی شخص جھوٹ نہ بولے اور نہ ہی جھوٹی باتوں پر توجہ کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے اہم کارنامہ انجام دیا ہے، اقتصادی جنگ کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے، عوام کے ایثار و فداکاری اور رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات کی روشنی میں امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لا بٹھایا ہے اور اہم مسائل کو حل کیا ہے۔

صدر ایران کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ امریکہ کے سامنے نہیں جھکے گی، اقتصادی جنگ لڑے گی اور خام مال کی کمی نہیں آنے دے گی اور ہم نے یہ کام کر دکھایا ہے۔

ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ جناب سید ابراہیم رئیسی ایک کروڑ اسی لاکھ ووٹ حاصل کر کے ملک کے صدر منتخب ہو چکے ہیں اور ہم سب کو ان کی مدد کرنا چاہیے، ہم مکمل امن و سلامتی اور ہمدلی و طاقت کے ساتھ، اقتدار نئی حکومت کو منتقل کر رہے ہیں۔  صدر حسن روحانی نے کہا کہ نومنتخب صدر نے میرٹ کو فوقیت دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ سیاسی دھڑے بندیوں اور پارٹی سیاست سے بالاتر ہوکر کام کریں گے، ہم ان کے اس بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

دوسری جانب نومنتخب صدر سید ابراہیم رئیسی اور موجودہ صدر حسن روحانی کے درمیان ایک ہفتے میں دوسری ملاقات ہوئی ہے۔ یوتھ جرنلسٹ کلب کی ایک رپورٹ کے مطابق، نومنتحب صدر سید ابراہیم رئیسی نے بدھ کو ایوان صدر میں موجودہ صدر حسن روحانی سے ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سے قبل صدارتی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے محض چند گھنٹے بعد، ہفتے کے روز صدر حسن روحانی نے نومنتخب صدر، سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات اور انہیں کامیابی پر مبارک باد پیش کی تھی۔

ٹیگس