Jun ۲۳, ۲۰۲۱ ۱۶:۵۴ Asia/Tehran
  • ایران کے صدارتی انتخابات کے نتائج کی تفصیلات کا اعلان

اسلامی جمہوریہ ایران کے الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخابات کے نتائج کی مکمل تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے۔

ایران کے چیف الیکشن کمشنر جمال عرف نے بدھ کو اسلامی جمہوریہ ایران کے تیرہویں صدارتی انتخابات کے نتائج کی مکمل تفصیلات کا اعلان کیا۔ انہوں نے حالیہ صدارتی انتخابات میں باقی بچے اکیانوے بیلٹ باکس کے ووٹوں کے اعداد و شمار موصول ہونے کے بعد صدارتی انتخابات میں ووٹوں کی گنتی اور نتائج مکمل ہونے کی اطلاع دی۔

 ایران کے الیکشن کمیشن کے سربراہ جمال عرف نے ایران کے تیرہویں صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صدارتی انتخابات کے تمام پولنگ اسٹیشنوں کے بیلٹ باکس میں ڈالے جانے والے ووٹوں کی تفصیلات موصول ہونے کے بعد سب کو یکجا کر کے ان کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ ایران کے الیکشن کمیشن کے سربراہ کے اعلان کے مطابق صدارتی انتخابات میں مجموعی طور پر کل دو کروڑ نواسی لاکھ نواسی ہزار پانچ سو انتیس افراد نے پولنگ بوتھوں پر پہنچ کر ووٹ ڈالنے کے لئے پرچی کٹوائی،  دوکروڑ ستاسی لاکھ پچاس ہزار سات سو چھتیس افراد نے اپنے ووٹ کاسٹ کئے جن میں ایک لاکھ دو سو اکتیس ووٹ کینسل ہوئے۔

ایران کے الیکشن کمیشن کے سربراہ نے صدارتی انتخابات کے ہر امیدوار کو ملنے والے ووٹوں کی تعداد بیان کرتے ہوئے کہا کہ سید ابراہیم رئیسی کو ایک کروڑ اسی لاکھ اکیس ہزار نو سو پینتالیس ووٹ، محسن رضائی میرقائد کو چونتیس لاکھ چالیس ہزار آٹھ سو پینتس ووٹ، عبد الناصر ہمتی کو چوبیس لاکھ تینتالیس ہزار تین سو ستاسی ووٹ جبکہ سید امیر حسین قاضی زادہ ہاشمی کو دس لاکھ تین ہزار چھے سو پچاس ووٹ ملے۔

ایران کے چیف الیکشن کمشنر نے کہا  کہ صدارتی انتخابات سے متعلق قوانین کی اکتیسویں شق کی دفعہ آٹھ کے مطابق ووٹوں کی گنتی کے  مکمل نتائج، نگراں کونسل کو بھیج دیئے گئے ہیں اور قانون کی اس شق کے مطابق ہی انتخابات کے نتائج کی حتمی تصدیق کرنا نگراں کونسل کی ذمہ داری ہے۔

جمال عرف نے کہا کہ ووٹ ڈالنے کے لئے پرچی کٹوانے والوں کی تعداد اور بیلٹ باکس میں ملنے والے ووٹوں کی تعداد میں فرق افراد سے مربوط ہے جنہوں نے انتخابات میں حصہ تو لیا لیکن کسی بھی ممکنہ دلیل کی بنا پر اپنے ووٹ کاسٹ نہیں کئے۔

 

ٹیگس