Jun ۲۵, ۲۰۲۱ ۲۱:۲۶ Asia/Tehran
  • قومی ویکسینیشن مہم میں عنقریب تیزی آئے گی: صدر روحانی

صدر ایران نے کہا ہے کہ آج ہم کئی طرح کی کورونا ویکسین بنانے پر قادر ہیں جو ہمارے جوانوں کی ایک بڑی کامیابی ہے۔

انسداد کورونا قومی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ایران سمیت پوری دنیا کے لیے ایک بڑی بلا بن گیا ہے۔

صدر ایران نے کہا ہے ہمارے نوجوان سائنسدانوں اور ماہرین نے کورونا کی وبا شروع ہوتے ہی اس کی روک تھام کے لیے دواؤں اور میڈیکل آلات کی تیاری کا کام شروع کر دیا تھا اور آج ہم کئی طرح کی کورونا ویکسین بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی ماہرین کی تیارکردہ ویکسین کے ساتھ ہی دیگر ملکوں کی بھی ویکسین کو درآمد کر کے ویکسینیشن کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ انسداد کرونا سے متعلق ماہرین کی کمیٹیوں کے سربراہوں کا اجلاس صدر حسن روحانی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں کورونا ویکسین کی فراہمی کے علاوہ ملک کے جنوبی شہروں میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ٹیگس