Jul ۱۱, ۲۰۲۱ ۲۲:۱۱ Asia/Tehran
  • یومیہ پانچ سے سات لاکھ افراد کی ویکسینیشن کا اعلان

ایران کے وزیر صحت نے یومیہ پانچ لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کے منصوبے کا اعلان کردیا۔

نیوز ایجنسی ایران پریس کے مطابق وزیرصحت ڈاکٹر سعید نمکی نے ملک بھر کی میڈیکل یونیورسٹیوں کے چانسلروں اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اعلی کمانڈروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومیہ پانچ لاکھ سے سات لاکھ افراد کی ویکسینیشن کے لیے آمادہ رہیں۔ انہوں نے ملک کی مسلح افواج سے اپیل کی کہ وہ قومی ویکسینیشن مہم کے اہداف کو یقینی بنانے کے لیے وزارت صحت کی مدد کریں۔

ایران کے وزیر صحت نے کہا کہ جتنی زیادہ ویکسین لگائی جاسکتی ہے لگائیں تاکہ رسک گروپ میں شامل لوگوں کے وائرس میں مبتلا ہونے کے امکان کو کم سے کم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حتی ویکسین کی ایک ڈوز بھی شدید قسم کے کورونا میں مبتلا ہونے کے خطرے کو پچاس فی صد تک کم کرسکتی ہے۔ایران کے وزیر صحت نے کہا کہ کورونا کے آغاز سے اب تک ڈھائی لاکھ افغان پناہ گزینوں کو مفت طبی خدمات فراہم کی جاچکی ہیں اور اس کے لیے عالمی اداروں نے ایران کی کوئی مدد نہیں کی۔انہوں نے مسلح افواج پر زور دیا کہ وہ ملک کی سرحدوں کو سختی کے ساتھ کنٹرول کریں اور کسی کو بھی غیر قانونی طریقے سے ملک میں داخل نہ ہونے دیں تاکہ اندرون ملک کورونا کی وبا پر قابو پایا جاسکے۔

ٹیگس