بحری رفت و آمد کے تحفظ کے لئے ایران کا مؤثر اقدام
ایران کے ساحلی شہر چابہار میں سمندری رفت و آمد کے تحفظ کے لئے بین الاقوامی کوارڈینیشن سینٹر قائم کيا جا رہا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے سربراہ ایڈمیرل حسین خانزادی نے کہا ہے کہ خطے میں سمندری تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ساحلی شہر چابہار میں 36 ممالک کی شراکت سے بین الاقوامی سمندری سلامتی کوآرڈینیشن سینٹر قائم کیا جائے گا۔
ایرانی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید بتایا کہ یہ مرکز فرانس کی میزبانی میں منعقدہ ساتویں بحر ہند نیول سمپوزیم (IONS) کے اجلاس کے فیصلے کے عین مطابق قائم کیا جا رہا ہے تاکہ بحر ہند کے خطے کے ممالک مکمل سمندری تحفظ کے لئے ضروری معلومات کا تبادلہ کرسکیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر نے کہا کہ یہ مرکز خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا مرکز ہوگا اور خطے کے ممالک چابہار کے لئے اپنے مندوب بھیج سکتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ان 36 ممالک کے ساتھ اس مرکز کے رابطے کا طریقہ آن لائن ہوگا۔
انہوں نے ایرانی بحری بیڑے کو درکار جہازوں اور اسپیئر پارٹس کی تیاری میں اسلامی جمہوریہ ایران کی توانائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں بحری جہازوں کی تیاری میں اعلی صلاحیت موجود ہے اور اب ہمارے کچھ جہاز ہمارے ملک سے کئی ہزار کلومیٹر دور ایرانی آئل ٹینکروں اور بحری جہازوں کی حفاظت کا مشن انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے وزارت دفاع میں ہوور کرافٹ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس ہوور کرافٹ کے ڈیزائن اور تعمیر کے ساتھ توقع کرتے ہیں کہ وہ رواں سال دسمبر میں اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔