کشتی کے میدان میں ایرانی پہلوان پھر چمکے
ایران کے پہلوانوں نے کشتی کے میدان میں اپنی نمایاں برتری کو باقی رکھتے ہوئے ایک بار پھر سونے کے تمغےاپنے نام کر لیے۔
اطلاعات کے مطابق پولینڈ میں ہو رہے فری اسٹائل یوتھ ریسلنگ کے مقابلوں میں ایران کے سید حسن اسماعیل نژاد نے اکہتر کلوگرام کی کیٹیگری میں سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔
سید حسن نے پہلے راؤنڈ میں جارجیا کے گیئورگی کو بارہ دو سے شکست دی تھی۔انہوں نے دوسرے راؤنڈ میں یونان کے گوگیو میتسید کو دس صفر سے شکست دی اور یوں کواٹر فائنل میں اپنی جگہ بنائی۔
اس مرحلے میں ایرانی پہلوان اطالوی پہلوان کو پانچ تین سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہونچے جس کے بعد فائنل تک پہونچنے کے لئے سید حسن کا مقابلہ قازقستان کے یرخان بک سلطان اف سے ہوا اور جس میں انہوں نے پانچ ایک سے انہیں ہرا دیا۔اور آخرکار سید حسن اسماعیل نژاد نے فائنل میں اپنے جوہر دکھاتے ہوئے روسی پہلوان احمد موسایف کو مغلوب کرتے ہوئے سونے کا تمغہ با آسانی اپنے نام کر لیا۔
اس سے قبل ایران کے دو مزید پہلوان اکیاون اور ایک دو دس کلوگرام کی کیٹیگری میں سونے کے دو تمغے حاصل کر چکے تھے۔