ایرانی بحریہ کی موجودگی تاریخی ہے: ایڈمرل خانزادی
ایرانی بحریہ کے کمانڈر رئیر ایڈمرل حسین خانزادی نے خلیج فن لینڈ میں ایرانی بحری بیڑے کی موجودگی کو ایک تاریخی واقعہ قرار دیا ہے۔
اپنے دورہ روس کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل خانزادی کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کوئی ایرانی بحری بیڑا طویل مسافت طے کر کے، دنیا کے اسٹریٹیجک خطوں میں داخل ہوا ہے۔
ایرانی بحریہ کے تباہ کن جہاز سہند اور مکران پر مشتمل اس بیڑے نے چند ہفتے قبل اپنے سفر کا آغاز کیا تھا اور اب یہ خلیج فن لینڈ میں روسی شہر سن پیٹرز برگ کے ساحلوں کے قریب پہنچ گیا ہے۔
ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل حسین خانزادی کا کہنا تھا کہ فن لینڈ اور شمالی سمندروں میں موجودگی کا مطلب یہ ہے کہ کھلے سمندروں میں ایرانی بحریہ کی موجودگی کا راستہ کھل گیا ہے۔
ایرانی بحریہ کا پچھترواں بحری بیڑا آج سے روس کے شہر سن پیٹرز برگ میں شروع ہونے والی مشترکہ بحری مشقوں میں بھی شریک ہے۔ روسی وزیر دفاع سرگئی شویگو نے بتایا ہے کہ مذکورہ بحری مشقوں میں ایران سمیت دنیا کے مختلف ملکوں کے چون بحری جہاز شریک ہیں ۔
دوسری جانب ایرانی فوج کے کوآرڈینیٹر ریئر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا ہے کہ ہماری بحری طاقت وقت کے تقاضوں سے پوری طرح ہماہنگ اور ممکنہ خطرات کے مطابق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی بحریہ کے پاس جدید ترین آلات و وسائل موجود ہیں اور وہ دشمن کے دانت کھٹے کرنے کی پوری توانائی رکھتی ہے۔
ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا کہ آج ہماری اہم ترین ذمہ داری یہ ہے ہم ملک کے مستقبل کےتحفظ کے ساتھ ساتھ آگے کی جانب قدم بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج دفاع کے میدان میں ایک کامیاب فوج شمار ہوتی ہے۔ ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے مزید کہا کہ آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران ہماری مسلح افواج پوری طرح سرخرو ہوئی ہے اور آج اسے ایسی طاقت حاصل ہو گئی ہے جہاں وہ دشمن کو ملکی سالمیت اور اقتدار اعلی کی ذرہ برابر بھی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دے رہی۔