ایرانی فلم بین الاقوامی میلے میں انعام کے لئے نامزد
ایران کی بنائی ہوئی ایک شارٹ فلم ''زنگ تفریح'' یا انٹرول اسپین کے ایک فلم فیسٹیول میں بہترین شارٹ فلم کے لئے نامزد کر دی گئی ہے۔
ارنا نیوز کے مطابق ایرانی ہدایتکار نوید نیکخواہ آزاد کی بنائی ہوئی یہ فلم اسپین کے آٹھویں فلمی میلے 'لاکالزا دی کالتراوا' میں بہترین شارٹ فلم کے لئے نامزد کر دئے جانے کے بعد فیسٹیول کا اصل انعام حاصل کرنے کے لئے مقابلے میں شامل ہو گئی ہے۔
زنگ تفریح یا انٹرول نامی یہ شارٹ فلم اب تک تیس سے زائد بین الاقوامی فلمی میلوں میں شامل ہو چکی ہے جن میں کینیڈا کے لیونگ اسکائز فیسٹیول میں اس نے بہترین اداکار کا انعام حاصل کیا، جبکہ آکسفورڈ کے اٹھارویں اور امریکہ کے جانز ہاپکنز کے چوبیسویں فلمی میلے میں اُسے بہترین شارٹ فلم اور سین فرانسسکو کے فروزن بین الاقوامی فلمی میلے میں بہترین شارٹ ڈراما کا ایوارڈ مل چکا ہے۔
خیال رہے کہ اسپین کا آٹھواں بین الاقوامی فلمی میلہ چھے اگست سے اکیس اگست تک سیو ڈیڈ شہر میں منعقد ہونے والا ہے۔