Aug ۰۱, ۲۰۲۱ ۱۸:۳۰ Asia/Tehran
  • موجودہ صدر کی آخری کابینہ میٹنگ، نئے صدر کی تقریب توثیق منگل کو

صدر ایران حسن روحانی نے اپنی حکومتی کابینہ کے آخری اجلاس میں کہا ہے کہ ان کی حکومت نے قومی اتحاد کے تحفظ کے لیے انتھک محنت کی ہے اور بہت مشکلات کا سامنا کیا ہے- دوسری جانب نئے صدر کی توثیق کی تقریب منگل کو منعقد ہوگی۔

اپنی کابینہ کے الوادعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ہم نے جو کہا وہ کر کے دکھایا ہے اور ہماری کارکردگی بیان کردہ حقائق کے مطابق ہے۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ قومی وحدت کو محفوظ رکھنا ہمارا سب سے بڑا ہدف تھا اور ہمیں خوف تھا کہ بعض باتوں کے بیان سے اس قیمتی گوہر یعنی قومی وحدت کو نقصان پہنچ سکتا ہے جس کے پیش نظر ہم نے بعض حقائق کو عوام کے سامنے پیش نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ ہماری حکومت کے پہلے چار اور بعد کے چار سال کے دوران حالات یکساں نہیں تھے۔ پہلے چار سالہ دور میں حالات بہت بہتر تھے جبکہ دوسرے چار سالہ دور میں حالات کچھ تبدیل ہوگئے تھے۔

صدر ایران نے مزید کہا کہ پہلا چار سالہ دور دنیا کے ساتھ رابطوں کا دور تھا اور ہمیں اپنے اوپر پورا بھروسہ تھا کہ ہم بڑی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں۔ صدر حسن روحانی نے واضح کیا کہ ہماری سفارتی اور قانونی ٹیم انتہائی طاقتور تھی جس نے انتہائی حساس سفارتی مہم کو کامیابی کے ساتھ سر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں ایران کی کامیابی صرف سفارتی یا سیاسی کامیابی نہیں تھی بلکہ اقتصادی میدان میں بھی اس کامیابی کے اثرات کا مشاہدہ کیا گیا۔

درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ ایران کے تیرہویں صدر کی تقرری اور توثیق کی تقریب تین اگست کو تہران کے حسینیہ امام خمینی میں منعقد ہوگی جس میں اعلی سول اور فوجی حکام شرکت کریں گے۔تقریب کے دوران منتخب صدر سید ابراہیم رئیسی، رہبر انقلاب اسلامی سے اپنے چار سال دور صدارت کا حکم تقرری حاصل کریں گے۔

اس تقریب میں ایران کے سبکدوش ہونے والے وزیر داخلہ عبد الرضا رحمانی فضلی، حالیہ صدارتی انتخابات کے حوالے سے ایک رپورٹ رہبر انقلاب اسلامی کی خدمت میں پیش کریں گے۔ جبکہ منتخب صدر کی تقریب توثیق کے بعد رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی حامنہ ای حاضرین سے خطاب فرمائیں گے۔

ٹیگس