Aug ۰۴, ۲۰۲۱ ۲۱:۰۰ Asia/Tehran
  • پاکستان کی سینٹ کے چیرمین محمد صادق سنجرانی کی ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات
    پاکستان کی سینٹ کے چیرمین محمد صادق سنجرانی کی ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات

پاکستان کی سینٹ کے چیرمین "محمد صادق سنجرانی  نے آج تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نومنتخب صدر ڈاکٹرسید ابراہیم رئیسی کے ساتھ ملاقات کی-

پاکستانی سینٹ کے چیرمین کے ساتھ ملاقات میں صدر ابراہیم رئیسی نے تہران اور اسلام آباد کے درمیان لازوال تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں باہمی تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کی صلاحیتوں کی نشاندہی اور ان کو دونوں ممالک کے مفادات کی فراہمی کے سلسلے میں بروئے کار لانا ہوگا۔

 صدر ابراہیم رئیسی نے  کہا کہ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات کو ایران کی خارجہ پالیسی میں خاص مقام حاصل ہے، تہران تمام شعبوں میں اپنے پڑوسیوں کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

ایرانی صدر نے افغانستان میں حالیہ کشیدگی اور بدامنی پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کی بحالی کیلئے ایران اور پاکستان کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

محمد صادق سنجرانی نے وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے علامہ رئیسی کو صدرات کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکبادی پیغام حوالے کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات دوستانہ اور برادرانہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ آپ کی دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ کی مثبت نگاہ سے ایران اور پاکستان کے تعاون کی سطح میں قابل قدر اضافہ ہوگا۔

اس ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے ایران اور پاکستان کے درمیان دوستی کے مضبوط رشتوں پر تاکید کی اور اس کے ساتھ ہی افغانستان کی سرنوشت کو خود افغان عوام کے سپرد کئے جانے پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی مقام پر امریکی مداخلت مسائل کے حل میں موثر واقع نہيں ہوئی ہے بلکہ جہاں بھی امریکہ نے قدم رکھا ہے وہاں مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھے ہیں۔

پاکستانی سینٹ کے چیرمین "محمد صادق سنجرانی" نے جو اپنے ایک وفد کے ہمراہ صدر سید ابراہیم رئیسی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے ایران آئے ہیں، تہران پہچنے سے قبل انہوں نے مشہد مقدس میں آستان قدس رضوی پر حاضری دی۔

  پاکستانی سینٹ کے چیرمین محمد صادق سنجرانی کی مشہد مقدس میں روضہ فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ سلام پرحاضری

محمد صادق سنجرانی نے اس موقع پر اپنے ایک بیان میں آستانہ قدس رضوی پر حاضری پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے خادمین امام رضا علیہ السلام کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان شااللہ امام رضاعلیہ السلام کے طفیل مسلمانان عالم خصوصا ایران اور پاکستان کے عوام کی مشکلات دور ہوجائيں گی۔

 

 

ٹیگس