طاقتور اور اسمارٹ میڈیا کی ضرورت پر زور
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے میڈیا اور ذرائع ابلاغ کے میدان میں پوری قوت اور دانشمندی سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
صحافیوں کے قومی دن کے موقع پر رہبر انقلاب اسلامی کی آفیشل ویب سائٹ نے ، صحافیوں کے درمیان آپ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آج ہمارے دشمن، سیکورٹی اور اقتصادی اقدامات سے زیادہ ہمارے خلاف، پروپیگنڈے اور ابلاغیاتی حملوں میں مصروف ہیں اور رائے عامہ پر اثرانداز ہونے کے لیے بھاری رقم خرچ کر رہے ہیں۔
مذکورہ ویب سائٹ نے رہبر انقلاب اسلامی کے حوالے سے مزید لکھا ہے کہ پروپیگنڈے کے میدان میں صحیح سمت میں قدم بڑھانے اور میڈیا کو طاقتور اور اسمارٹ بنانے کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ ایران میں آٹھ اگست کو صحافیوں کا قومی دن منایا جاتا ہے، آج سے تئیس سال قبل آٹھ اگست انیس سو اٹھاسی کو ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ارنا کے نامہ نگار محمود صارمی کو افغانستان کے شہر مزار شریف میں طالبان دہشت گردوں نے حملہ کرکے شہید کردیا تھا۔ بعدازاں حکومت ایران نے اس دن کو صحافیوں کا قومی دن قرار دیا تھا۔