ایران نے امریکی اور برطانوی الزامات کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا
اسلامی جمہوریہ ایران نے سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران امریکہ اور برطانیہ کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کو من گھڑت اور سیاسی محرکات کا حامل قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کی نائب مندوب زھرا ارشادی نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تہران امریکہ اور برطانیہ کی جانب سے عائد کیے جانے والے غیر مصدقہ اور سیاسی محرکات کے حامل بیان کو سختی کے ساتھ مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فرسودہ الزامات اسرائیلی ساختہ ہیں اور انہیں کسی طور ثابت نہیں کیا جاسکتا۔
ایرانی سفیر زھرا ارشادی نے کہا کہ " میں مرسر اسٹریٹ نامی جہاز کے ساتھ پیش آنے والے حادثے میں، ایران کے ملوث ہونے سے متعلق امریکہ اور برطانیہ کے سیاسی محرکات کے حامل الزامات کو ایک بار پھر سختی کے ساتھ مسترد کرتی ہوں۔"
اس سے پہلے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے نے بھی یورپی عہدیداروں کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس قسم کے بیانات سے خلیج فارس اور بحیرہ عمان کے سمندری علاقوں کے امن و استحکام میں بھی کوئی مدد نہیں ملے گی۔