پارلیمنٹ میں مجوزہ وزیروں کی صلاحیت کا جائزہ
مجلس شورائے اسلامی کےترجمان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں وزیروں کی صلاحیت کا جلد ہی جائزہ لیا جائے گا۔
ایران کی پارلیمنٹ کے ترجمان سید نظام الدین موسوی نے آج پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس کے موقع پر کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے گذشتہ ہفتے بدھ کو اپنے مجوزہ وزراء کے نام پارلیمنٹ میں بھیجے تھے۔ موسوی نے کہا کہ آج سنیچر کو پارلمینٹ میں وزرائے کابینہ کے ناموں کی فہرست موصول ہونے کا اعلان کر دیا گیا۔
ایران کی پارلیمنٹ کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ مجوزہ وزراء ماہرین کے چودہ کمیشنوں اور دو خصوصی کمیشنوں میں حاضر ہو کر اپنے پروگراموں کا اعلان کریں گے اور ممبران پارلیمنٹ اس پرغور و خوض کریں گے۔
سید نظام الدین موسوی نے کہا کہ حکومت کے انیس مجوزہ وزراء منگل تک ہر روز پارلیمنٹ کے خصوصی اور اسپیشل کمیشنوں میں حاضر ہوں گے۔ نظام الدین موسوی نے کہا کہ ہفتے کے آغاز سے چار دن تک پارلیمنٹ میں وزیروں کی صلاحیت کا جائزہ لیا جائے گا اور پارلیمنٹ اسی وقت ان کے بارے میں اپنے موقف کا اعلان کرے گی۔