Aug ۲۰, ۲۰۲۱ ۱۶:۰۲ Asia/Tehran
  • دنیا میں ظلم کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ دنیا میں آزادی کے لئے جدوجہد اور ظلم کے خلاف استقامت کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے عاشورائے حسینی کی مناسبت سے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ظالموں کی خواہشوں کے باوجود سن اکسٹھ ہجری قمری مطابق سن چھے سو ستر عیسوی میں کربلا میں ظلم واستبداد کے خلاف جدوجہد کا سلسلہ ختم نہیں ہوا۔

وزیرخارجہ جواد ظریف نے مزید کہا کہ چودہ صدیاں گزرجانے کے بعد بھی دنیا میں آزادی و حریت کے لئے جدوجہد اور ظلم و استبداد کے مقابلے میں استقامت اب بھی جاری ہے۔

ایران کے وزیرخارجہ نے اپنے پیغام میں زور دے کر کہا کہ سن دوہزار اکیس کے عاشورا میں بھی امام حسین علیہ السلام کا چراغ ہدایت روشن ہے اور دنیا کو روشنی بانٹ رہا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ عاشورا کا عظیم پیغام ، حق و حقیقت اور اقدار کے لئے ایثار و قربانی کا نذرانہ پیش کرنا اور اخلاقی اصولوں کی پاسداری کے لئے ظالموں کے مقابلے میں عزتمندانہ استقامت اور پائیداری کا مظاہرہ کرنا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے جمعرات کو عاشورائے حسینی کی مناسبت سے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ عاشور کا یہ عظیم پیغام تاریخ کےصفحات پرثبت ہوگیا ہے اوریہ پیغام عدل و انصاف کے متلاشی زندہ ضمیرانسانوں کے قلوب کے لئے مشعل راہ ہے ۔اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ کربلا سے ملنے والا یہ درس، اپنے عوام کے حقوق کی بازیابی کے لئے کی جانے والی ایرانی حکومت کی کوششوں کے لئے چراغ راہ ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں جمعرات کو عاشورائے حسینی منایا گیا اور پورے ملک میں عاشقان شہدائے کربلا نے کورونا پروٹوکول کی پابندی کرتے ہوئے امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب باوفا کی لازوال قربانیوں کو اپنے اپنے انداز میں خراج عقیدت پیش کیا- عاشور کا دن گزر جانے کے بعد ایران کے عوام نے یتیمان کربلا کی یاد میں شام غریباں کی مجالس برپا کیں اور شمعیں روشن کرکے شام غریباں حسینی کی یاد کو تازہ کیا - تہران کے حسینیہ امام خمینی (رح) میں بھی مجلس شام غریباں منعقد ہوئی جس میں کورونا کی وجہ سے رہبرانقلاب اسلامی کے ساتھ ساتھ چند ہی عزاداروں اور سوگواروں نے شرکت کی -

 

ٹیگس