پاک بحریہ کے سربراہ کا ایرانی بحریہ کے ناردرن زون کا دورہ
پاکستانی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجدخان نیازی اپنے وفد کے ہمراہ ایران کے ناردرن زون پہنچے ہیں۔
ایڈمرل امجد خان نیازی اور ان کے ہمراہ وفد کے ارکان جب ایرانی بحریہ کے ناردرن زون پہنچے تو زونل کمانڈر رئیر ایڈمرل عبدالوہاب طاہری نے انہیں خوش آمدید کہا۔ رئیر ایڈمرل عبدالوہاب طاہری نے پاک بحریہ کے کمانڈر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا انتہائی قریبی دوست ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان پائے جانے والے مشترکہ رشتوں نے باہمی تعاون کی مضبوط بنیادیں فراہم کردی ہیں۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے بھی اس موقع پر گرمجوشی کے ساتھ استقبال کرنے پر ایرانی بحریہ کے افسران اور جوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان دو ہمسایہ، دوست اور برادر ملک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارے دیرینہ رشتے پائے جاتے ہیں جو باہمی تعاون کے فروغ کا راستہ ہموار کرتے ہیں۔پاکستانی بحریہ کے سربراہ نے اس موقع پر میرین میوزیم اور شہید تمجید میرین انڈسٹری کا بھی معائنہ کیا۔