ایران کے وزیر خارجہ دمشق کے دورے پر
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے دورہ دمشق میں شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد سے ملاقات کی
ایران کے وزیر خارجہ نے، جو پڑوسی ملکوں کی شرکت سے عراق کی حمایت میں منعقدہ بغداد اجلاس میں شرکت کے بعد شام کے دورے پر دمشق پہنچے ہیں، کہا ہے کہ شام اور عراق کے ساتھ ایران کے اسٹریٹیجک تعلقات ہیں۔ایران کی وزارت خارجہ کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد حسین امیر عبداللہیان کا یہ پہلا دورہ شام ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ ایران اور شام نے دہشت گردی کا مشترکہ طور پر مقابلہ کیا ہے اور دونوں ممالک نے مشترکہ اقدامات کئے ہیں جن میں ان دونوں ممالک نے کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں۔
حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ اب ایران اور شام کے تعلقات کو مختلف شعبوں، خاص طور سے تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں اور زیادہ قوی و مستحکم بنائے جانے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران اور شام اپنے اپنے ملکوں کے حکام کے عزم و ارادے سے اقتصادی دہشت گردی کے خلاف مہم اور دونوں ملکوں کے عوام کی مدد و حمایت میں بھی اہم اقدامات عمل میں لائیں گے۔