ایران کا جوہری اسلحوں کے خاتمے کو بین الاقوامی نظام کے ایجنڈے میں باقی رکھنے کا مطالبہ
اسلامی جمہوریہ ایران نے جوہری اسلحوں کے خاتمے کو بین الاقوامی نظام کے ایجنڈے میں باقی رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت راونچی نے جوہری اسلحے ٹیسٹ کرنے پر امریکہ کی مذمت کرتے ہوئے، یہ مطالبہ کیا۔
انہوں نے بدھ کے روز جوہری اسلحوں کے ٹیسٹ پر روک کے عالمی دن کی تقریب میں امریکہ کی طرف سے اب تک 1054 بار جوہری ہتھیاروں کے کئے گئے ٹیسٹ کا ذکر کیا جو کسی بھی ملک کی بہ نسبت سب سے زیادہ ٹیسٹ ہیں۔ دنیا میں کل 2000 بار جوہری ہتھیاروں کا ٹیسٹ ہوا ہے۔
مجید تخت روانچی نے کہا کہ آج کی تقریب کی اصل مخاطب جوہری طاقتیں ہیں جن پر این پی ٹی کی چھٹی شق کے مطابق جوہری اسلحوں کو ختم کرنے کی ذمہ داری عائد ہے۔
اسی طرح انہوں نے اسرائیل کے جوہری اسلحوں کا ذکر کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی حکومت پر این پی ٹی میں شامل ہونے کے لئے دباو ڈالے نیز اسے اپنی جوہری تنصیبات کے دروازے آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کے لئے کھولنے کے لئے مجبور کرے۔