قطر کے وزیر خارجہ کی ایران کے وزیر خارجہ سے ملاقات
قطر کے وزیر خارجہ کے دورہ تہران میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں مختلف مسائل منجملہ افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے ملاقات میں کہا کہ افغان عوام کے مسائل و مشکلات کا ذمہ دار امریکہ ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کے موجودہ حالات صرف ایک وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل سے ہی بہتر ہوں گے جس میں سبھی افغان گروہوں اور دھڑوں کی نمائندگی ہو۔
ایران اور قطر کے وزرائے خارجہ نے اس ملاقات میں افغانستان کے حالات کے ساتھ دیگر اہم علاقائی معاملات پر بھی بات چیت کی- ایران اور قطر کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے انعقاد اور دونوں ملکوں کے تاجروں کے لئے ویزے کی سہولت آسان بنانے جیسے موضوعات پر بھی گفتگو کی۔