Sep ۱۵, ۲۰۲۱ ۲۱:۱۹ Asia/Tehran
  • ایران و ہندوستان تجارتی تعلقات کے مزید فروغ کے لئے پُر عزم

ایران اور ہندوستان نے باہمی تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ پر زور دیا ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق نئی دھلی میں متعین ایران کے سفیر علی چگینی نے ہندوستان کے سیکریٹری تجارت بی وی آر سبرامینم سے ملاقات اور باہمی اقتصادی اور تجارتی لین کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
ایران کے سفیر نے اس ملاقات میں نشاندھی کی کہ زرعی اور  غذائی اشیا، دواؤں اور ان کے خام مال کی فراہمی کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔ علی چگینی کا کہنا تھا کہ ایران اور ہندوستان صنعتی شعبے کے علاوہ ٹیکنالوجی کی تیاری کے میدان میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کی معیشتیں ایک دوسرے کی حلیف ہیں حریف نہیں اور دونوں ممالک بھرپور گنجائشوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی تجارت میں کئی گنا اضافہ کرسکتے ہیں۔
ہندوستان کے سیکریٹری تجارت نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان، ایران کے ساتھ مشترکہ تجارت اور سرمایہ کاری میں بھی گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

ٹیگس