Sep ۲۱, ۲۰۲۱ ۱۷:۳۶ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان کے درمیان پیلہ وری گزرگاہ کو کھول دیا گیا

ایران اور پاکستان کے سرحدی باشندوں کی ڈیوٹی فری تجارت کو آسان بنانے کے لئے میرجاوہ تفتان بارڈر کی پیلہ وری گزرگاہ کو پھر سے کھول دیا گیا ہے۔

چاغی کے سرحدی علاقے میں ایران اور پاکستان کے بارڈر حکام کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد پیلہ وری گزرگاہ کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے اور اس کے ذریعے تاجر بالخصوص سرحدی باشندے اپنی ضرورت کے سامان آسانی سے درآمد و برآمد کرسکتے ہیں.

پیلہ وری گزرگاہ گزشتہ چھے مہینے سے بند تھی جس کے باعث ایرانی و پاکستانی تاجروں خاص طور سے صوبہ بلوچستان کے باشندوں کو جو اپنی بنیادی ضرورت کے سامان اسلامی جمہوریہ ایران سے درآمد کرتے ہیں، سخت مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ اس رپورٹ کے مطابق ایران اور پاکستان کے درمیان انیس سو پچاس میں ہونے والے سمجھوتے کے مطابق اس علاقے سے ڈیوٹی فری تجارت انجام پاتی رہی ہے۔

مقامی تاجروں خاص طور سے مقامی سرحدی باشندوں نے گزرگاہوں کے پھر سے کھولے جانے کا خیرمقدم کیا ہے۔ تفتان میرجاوہ بارڈر کی اس گزرگاہ کی بحالی ایران و پاکستان کے سرحدی حکام کے ایجنڈے میں تھی۔

ٹیگس