ایران اور سوئٹزرلینڈ کے اسپیکروں کی ملاقات اور مشترکہ پریس کانفرنس
ایران اور سوئٹزرلینڈ نے مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر زور دیا ہے۔
تہران میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے سوئٹزرلینڈ کی قومی اسمبلی کے اسپیکر اینڈریاس ایبی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان عرصہ دراز سے بہترین سیاسی، سماجی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات قائم ہیں۔
ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امید ظاہر کی کہ سوئٹزرلینڈ کی قومی اسمبلی کے اسپیکر کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید پائیدار بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور سوئٹزرلینڈ اقتصادی، زرعی، تجارتی اور سیاحتی میدانوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے اور اس میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر متفق ہیں۔
ایران کے اسپیکر نے کہا کہ انہوں نے اپنے سوئیس ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں افغانستان کے عوام کو درپیش مسائل اور افغان مہاجرین کی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
سوئٹزرلینڈ کی قومی اسمبلی کے اسپیکرنے بھی اس موقع پرعالمی برادری کی جانب سے افغانستان کے لیے انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کی ضرورت پر زور دیا۔