"مدافعان آسمان ولایت" فوجی مشقوں کا آغاز
ایران کی مسلح افواج نے، آج سے سالانہ مدافعان آسمان ولایت ایئر ڈیفنس فوجی مشقوں کا آغاز کردیا ہے جس میں ایران کی بری فوج او سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایئر ڈیفنس فورس کے مختلف یونٹ حصہ لے رہے ہیں۔
ہمارے نمائندے کے مطابق، مدافعان آسمان ولایت کے نام سے سالانہ مشقوں میں، جو "یا رسول اللہ" کے نعرے سے شروع ہوئی ہیں، ایرانی ماہرین کے تیار کردہ میزائل ڈیفنس سسٹم، ریڈار، الیکٹرانک جنگی اور مواصلاتی آلات و ۔۔۔ کا استعمال کیا جارہا ہے۔
ایران ایئر ڈیفنس ہیڈکوارٹر کے سربراہ جنرل قادر رحیم زادے نے بتایا ہے کہ مرکزی ایران میں شروع ہونے والی ایئر ڈیفنس فوجی مشقوں کے پہلے مرحلے میں سول اہداف کے دفاع کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے، فوجیوں کی تیز رفتار نقل و حرکت اور ریپڈ ایکشن کا تجربہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس مرحلے میں مشقوں والے ریجن میں ہمارے طیاروں اور ڈرون طیاروں نے جاسوسی کی پروازیں انجام دیں اور فرضی دشمن کے اہداف کے بارے میں ٹھیک ٹھیک معلومات حاصل کرکے ہیڈکوارٹر کو ارسال کیں۔
بریگیڈیئر جنرل قادر رحیم زادے نے ایرانی ماہرین کے تیار کردہ ایئر ڈیفنس سسٹموں کے تجربے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مشقوں کے دوران علاقے کی صورتحال کی نگرانی کے لیے ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا گیا ہے جو ، الیکٹرانک اور الیکٹرو آپٹک نظام کے ذریعے ، کام کر رہا ہے اور فرضی دشمن کے ہدف کا پتہ لگاتے ہی مصنوعی ذہانت اور انالیٹیکل سسٹم کے ذریعے فیصلہ کرکے، میزائل سسٹم کو ضروری ہدایت جاری کرتا ہے تاکہ مذکورہ ہدف کا مقابلہ کیا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ اس تجربے کے ذریعے ایران دو اہداف حاصل کرنا چاہتا ہے ایک یہ کہ دفاعی صنعتوں کو مقامی بنانا خاص طور سے میزائل ڈیفنس سسٹم کی ضرورتوں کو پورا کرنا جو دفاعی میدان میں انتہائی اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل ہے۔ دوسرا مقصد جدید ترین میکنزم کے ذریعے فوجی جوانوں کی تربیت اور ان میں مہارت پیدا کرنا ہے اور اس طرح کی اسپیشلائزڈ مشقوں کا مقصد بھی اس عمل میں سرعت پیدا کرنا ہے۔
ہمارے نمائندے کا کہنا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور بری فوج کی مشترکہ فوجی مشقوں میں استعمال ہونے والی تکنیکیں دنیا میں موجود نئے خطرات کے مطابق ڈیزائن کی گئی ہیں۔