Oct ۱۸, ۲۰۲۱ ۰۸:۲۳ Asia/Tehran
  • داعش افغانستان میں امریکہ کے شکست خوردہ منصوبے کی تکمیل کے درپے

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ داعش افغانستان میں امریکہ کے شکست خوردہ منصوبے کی تکمیل کے درپے ہے۔

صدر ایران نے اتوار کے روز کابینہ کے اجلاس میں حسن کاظمی قمی کو افغانستان کے امور میں اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرنے کے بعد کہا کہ داعش افغانستان میں امریکہ کے شکست خوردہ منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے کام کر رہا ہے اور اُس کا مقصد اس ملک میں مذہبی اختلافات اور فرقہ واریت کو ہوا دے کر خون خرابے کو بڑھاوا دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں نمازیوں پر دہشتگردانہ حملوں میں سیکڑوں افراد کے شہید اور زخمی ہونے سے ایک بار پھر امت رسول اللہ (ص) کے دل کو ٹھیس پہنچی۔ صدر ایران نے متاثرہ کنبوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے عالم اسلام کے علما اور بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ افغانستان کی بحرانی صورتحال پر توجہ دیں۔

سید ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ افغانستان میں عدم استحکام اور بد امنی پھیلانے کے امریکی منصوبے کے تحت انجام پانے والے دہشتگردانہ واقعات کا دائرہ بڑھتا جا رہا ہے اور اس ملک کے حکام سے توقع یہ کی جاتی ہے کہ وہ امن و استحکام کے تحفظ کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کے تحفظ میں خود عوامی گنجائشوں سے بھی غافل نہ ہوں۔

صدر ایران نے ایک بار پھر تہران کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ وہ ہمیشہ کی طرح افغان عوام کے ساتھ ہے اور افغانستان میں امن و استحکام کے قیام کے مقصد سے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے۔

ٹیگس