علما دشمنان اسلام سے اپنی وابستگی ختم کریں، حجت الاسلام شہریاری
تقریب مذاہب اسلامی کی عالمی اسمبلی کے سربراہ نے کہا ہے کہ علما کو چاہئے کہ ظالم اور اسلام دشمن حکومتوں سے وابستگی قائم کرنے سے پرہیز کریں۔
حجت الاسلام و المسلمین حمید شہریاری نے پینتیسویں وحدت اسلامی بین الاقوامی کانفرنس کے گیارہویں ویبینار میں کہا ہے کہ آج عالم اسلام میں جنگ و خونریزی، قتل و غارتگری، فتنہ وفساد اور مقدسات کی توہین و اہانت کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے اور ان ہی سب وجوہات کی بنا پر پینتیسویں وحدت اسلامی بین الاقوامی کانفرنس کا موضوع، عالم اسلام میں اتحاد، امن و صلح اور تفرقہ سے پرہیز قرار دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ کی سرکردگی میں عالمی سامراج اور لوٹیرے مغربی ممالک یہ دونوں ہمیشہ اس کوشش میں رہتے ہیں کہ عالم اسلام میں جنگ و خونریزی اور اختلاف و تفرقہ پیدا کر کے دنیائے اسلام میں اپنی موجودگی کا بہانہ بناتے رہیں جبکہ اسلامی ملکوں اور ان ملکوں کے درمیان جنگ و فتنہ و فساد اور اختلاف و تفرقہ کی اصل وجہ یہی عالمی استکبار اور مغربی سامراج ہے۔ انھوں نے کہا کہ بعض مسلم ملکوں میں ان سے وابستہ حکومتیں اور اسی طرح کچھ ضمیر فروش و آلہ کار علما موجود ہیں، جو مسلم ملکوں میں ان ظالموں کی موجودگی کی راہ ہموار کرتے اور دشمنان اسلام کے مفادات سے اپنے مفادات وابستہ کئے ہوئے ہیں اور انھیں اسلامی ملکوں میں قدم جمانے کا موقع فراہم کر رہے ہیں۔