Oct ۲۸, ۲۰۲۱ ۱۷:۴۸ Asia/Tehran
  • خلا سے متعلق ایران کے موقف کا اعلان

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے کہا ہے کہ خلا پوری انسانیت ورثہ اور مشترکہ ملکیت ہے اور اسے صرف اور صرف پرامن مقاصد کے لیےہی استعمال کیا جانا چاہیے۔

اقوام متحدہ کی اسپیشل پولیٹکل اینڈ ڈی کالونائیزیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے کہا کہ، خلا سے پرامن استفادہ کے لیے قائم کی جانے والی کمیٹی کے بانی رکن کی حثیت سے اسلامی جمہوریہ ایران اس متفقہ عالمی اصول پر زور دیتا ہے کہ اپراسپیس یا خلا انسانیت کا ورثہ اور مشترکہ ملکیت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ خلاسے صرف اور صرف پرامن مقاصد کے لیے تحقیق اور موجودہ اور آئندہ انسانی نسلوں کے مفاد کی خاطراستفادہ کیا جانا چاہیے۔تخت روانچی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تابکاری اثرات کے بارے میں اقوام متحدہ کی قائم کردہ سائنٹیفک کمیٹی یواین اسکیر، (UNSCEAR) کے کردار کو خاص اہمیت دیتا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ اقوام متحدہ کے تمام رکن ملکوں کو اس کمیٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا چاہیے۔

اقوام متحدہ میں ایران کا مستقل مندوب نے مزید کہا کہ سات عشرے سے مسئلہ فلسطین عالمی تشویش کے تعلق سے انتہائی سنگین چیلنج بنا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات، غیرانسانی پالیسیوں اور توسیع پسندی کی وجہ سے فلسطینی قوم نہ صرف اپنے بنیادی ترین انسانی حقوق سے محروم ہے بلکہ عام فلسطینی شہریوں کی زندگی اجیرن ہوکے رہ گئی ہے

۔مجید تخت روانچی نے کہا کہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کی جانب سے ایک بار پھر غاصبانہ قبضے کے خلاف فلسطینی عوام کی جائز اور قانونی تحریک مزاحمت اور حق خود ارادیت کے لئے ان کی جدوجہد نیز دارالحکومت بیت المقدس کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور اور ٹھوس حمایت کا اعلان کرتا ہوں۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے اپنے خطاب میں مقبوضہ جولان کو شام کا اٹوٹ حصہ قرار دیتے ہوئے صراحت کے ساتھ کہا کہ اس علاقے میں اسرائیل کے تمام تر اقدامات بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے منشور اور چوتھے جنیوا کنویشن کے منافی ہیں۔

مجید تخت روانچی نے اقوام کے امن مشن کی بھی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، لاجسٹک،فوجی، نیز فوجیوں اور فوجی مبصرین کی تعیناتی اور پولیس نیز غیر فوجی افرادی قوت کی فراہمی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے امن مشن میں اپنا کردار بڑھانے کے لیے تیار ہے۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کريں

ٹیگس