Nov ۱۸, ۲۰۲۱ ۲۲:۵۸ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان میں منعقد ہونے والی نمائشیں تجارت کے فروغ کا اہم ذریعہ

پاکستان کے شہر کراچی میں منعقدہ بین الاقومی نمائش میں موجود ایرانی کمپنیوں کے سربراہ ایران اور پاکستان کی صنعتی نمائشوں کو باہمی تجارت میں فروغ کا ایک ذریعہ قرار دیا ہے۔

ایران کی تجارت اور نمائش کے فروغ کی کمپنی کے ڈائریکٹر سعید دہقانی نے جمعرات کو کراچی میں ارنا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بھرپور صنعتی و تجارتی صلاحیتیں ایرانی فریق کے لئے کافی مواقع فراہم کرسکتی ہیں ۔انہوں نے کہا اگر ہم صنعتی پیداوار اور برآمدات کے شعبے میں ایرانی کمپنیوں کی صلاحیتوں کو مدنظر رکھیں اور اس کا پاکستان کی صلاحیتوں سے موازنہ کریں تو یہ اندازہ ہو جائےگا کہ ہمیں موجودہ اعدادوشمار سے زیادہ اپنے اشتراک عمل کو بڑھانا چاہئے۔

دہقانی نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے صنعتکاروں کے درمیان اشتراک عمل کو مضبوط بنانے کے لئے ایران اور پاکستان کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اتحاد کی ضرورت ہے تاکہ دو طرفہ تجارت کے حجم کو دونوں ملکوں کے سربراہوں اور حکام کے درمیان ہونے والے معاہدوں اور ان کے عزم کی سطح تک بڑھا جا سکے۔ کراچی کی  بین الاقوامی تجارتی و صنعتی نمائش جو منگل کو شروع ہوئی تھی آج اختتام پذیر ہوگئی۔اس بین الاقوامی نمائش میں اسلامی جمہوریہ ایران کی انیس کمپنیوں نے شرکت کی ۔

 

ٹیگس