عالمی ادارے صیہونی قاتلوں اور مظلوم فسطینیوں کو ایک کٹہرے میں کھڑا کرنے سے باز رہیں
اسلامی جمہوریہ ایران نے ، اقوام متحدہ سے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے مجرمانہ اور انسانیت سوز مظالم کا سلسلہ بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے جینوا ہیڈکوارٹر میں تعینات ایران کے مستقل مندوب اسماعیل بقائی ہامانہ نے انسانی حقوق کونسل کے تحقیقاتی کمیشن کے ارکان کے ساتھ ملاقات کی جس میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کی روک تھام کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ ایرانی مندوب نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے تحقیقاتی کمیشن پر زور دیا کہ وہ اپنی تاریخی ذمہ داریوں پر عمل کرتے ہوئے، نسل پرست صیہونی حکومت کے ہاتھوں، انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کو معمول کا حصہ بننے کی اجازت نہ دے۔
اسماعیل بقائی ہامانہ نے مزید کہا کہ ایران ، جھوٹ اور سچ کے درمیان سرحدوں کو روشن کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتاہے ۔انہوں نے کہا کہ مقتول اور قاتل دونوں کو ایک ہی صف میں کھڑا کرنے کی پالیسی انسانی لحاظ سے المناک، قانونی لحاظ سے بے بنیاد، اور اخلاقی لحاظ سے شرمناک ہے۔اقوام متحدہ کے جینوا ہیڈ کوارٹر میں تعینات ایران کے مندوب نے یہ بات زور دے کر کہی کہ عالمی اداروں اور تنظیموں کو قاتل اور مقتول کو ایک ہی کٹہرے میں لانے کی پالیسی ترک کردینا چاہیے۔