پابندیوں کو غیر مؤثر بنانا پہلی اور انکا خاتمہ دوسری ترجیح ہے: صدرِ ایران
صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ایران اور خطے کے ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات میں اضافہ ہوا ہے اور ہم پہلے پابندیوں کو غیر مؤثر بنانے اور پھر انکے خاتمے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اتوار کو پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ پچھلے تین ماہ کے دوران ایران اور خطے کے ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات میں تین گناہ اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت خارجہ پالیسی کو متوازن بنانے کے وعدے پر قائم ہے اور اس پر پوری طرح سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ پابندیوں کو غیر موثر بنانا ہماری اولیں ترجیح ہے جبکہ پابندیوں کا خاتمہ ہماری دوسری ترجیح شمار ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ملک بہت سی مشکلات سے باہر آگیا ہے اور اس صورتحال کو قائم رکھنے کے لیے حکومت اور پارلیمنٹ کے درمیان ہم آہنگی انتہائی ضروری ہے۔
صدر ایران نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہماری حکومت آٹھ فیصد اقتصادی ترقی کا ہدف لیکر چل رہی ہے اور ہمیں اپنی کامیابی کی پوری امید ہے۔