ویانا میں مذاکرات جاری، پابندیوں کے خاتمے کو لے کر ایران اپنے موقف پر قائم، مغربی فریق سست روی کا شکار
ایران کے خلاف ظالمانہ پابندیاں ہٹانے کے لئے جاری ویانا مذاکرات کے عمل میں تین یوروپی ملکوں کے نمائندوں کے ساتھ ایران کے سینیئرمذاکرات کار کا اجلاس ہوا۔
پیر کو سہ پہر کے وقت ویانا کے کوبورگ ہوٹل میں علی باقری کنی اور تین یوروپی ملکوں کے نمائندوں کے درمیان تبادلہ خیال ہوا۔
اس سے پہلے باقری کنی اور تینوں یوروپی ملکوں کے مذاکرات کار آپسی مفاہمت کے بعد جمعے کو مشورہ کے لئے اپنے اپنے ملک لوٹ گئے تھے۔
باقری کنی پیر کے روز دوبارہ ویانا لوٹے اور سینیئر مذاکرات کار کی سطح پر دوبارہ گفتگو شروع ہوئی۔ اتوار اور سنیچر کو ویانا میں ماہرین کی سطح کا اجلاس ہوا جبکہ اتوار کے روز پابندیاں ہٹانے سے متعلق ورکنگ گروپ نے ویانا کے کوبورگ ہوٹل میں بیٹھ کر گفتگو کی جس میں ایران اور گروہ چار جمع ایک کے ماہرین شامل ہوئے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے پیر کے روز اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں ویانا مذاکرات کے بارے میں کہا کہ ویانا مذاکرات میں ابھی بھی اہم موضوع کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے جسکے تعلق سے خاص سیاسی فیصلہ، خاص طور پر امریکہ کی طرف سے لئے جانے کی ضرورت ہے۔
ایران کے خلاف عائد ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کے مقصد سے آٹھویں دور کے مذاکرات 27 دسمبر 2021 کو شروع ہوئے جسکے بارے میں مذاکراتی وفود کا ماننا ہے کہ پیشرفت ہوئی ہے۔