Feb ۰۱, ۲۰۲۲ ۱۸:۰۱ Asia/Tehran
  • ایران اسلامی میں عشرہ فجر کی تقریبات کا پہلا دن، اسکولوں میں گھنٹیاں بجائی گئیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رح کی وطن واپسی اوراسلامی انقلاب کی کامیابی کی تینتالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے ملک بھر میں دس روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے

ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ اوربانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی کی جلاوطنی کے بعد وطن واپسی کی مناسبت سے شروع ہونے والی عشرہ فجر کی تقریبات کے پہلے دن پورے ملک کے اسکولوں اور بحری جہازوں میں جرس انقلاب بجائی گئی۔

جشن عشرہ فجر کے آغاز کی مناسبت سے دیگر تقریبات کا انعقاد بھی ہوا جن میں تہران کے مہرآباد ہوائی اڈے سے تاریخی بہشت زہرا قبرستان تک بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کی آمد کے راستے میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے پھولوں کی بارش، مسلح افواج کی موٹرسائکل پریڈ اور امام خمینی رح کے روضے میں منعقد ہونے والے خصوصی پروگرام خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔

انقلاب اسلامی کی کامیابی کے جشن عشرہ فجر کے آغاز اور بانی انقلاب اسلامی کی وطن واپسی کی مناسبت سے ملک بھر میں گوناں گوں تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں خلیج فارس میں بحری جہازوں کے ہارن بجانا بھی شامل ہے۔

شہید رجائی اسٹریٹیجک بندرگاہ پربحری جہازوں کے ساتھ ہی جزیرہ ابوموسی میں موجود بحری جہازوں کے سائرن بھی بجائے گئے۔

 خلیج فارس کے تینوں جزیروں ، ابوموسی ، تنب کوچک اور تنب بزرگ اسلامی جمہوریہ ایران کا اٹوٹ حصہ ہیں اور ان کا شمار ایران کے اسٹریٹجک علاقوں میں ہوتا ہے۔

 

آج بارہ بہمن چودہ سو ہجری مطابق یکم فروری دوہزاربائیس سے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے جشن عشرہ فجر کا آغاز ہوگیا ہے۔

تینتالیس سال قبل بارہ بہمن تیرہ سو ستاون ہجری شمسی مطابق یکم فروری انیس سواناسی کو بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح پندرہ سال کی جلاوطنی کے بعد وطن واپس تشریف لائے تھے اور اس موقع پر ایران کے عوام نے آپ کا نہایت پرتپاک اور پرجوش خیرمقدم کیا تھا۔

آپ کے ایران پہنچنے کے دس دن بعد یعنی بائیس بہمن تیرہ سو ستاون ہجری شمسی مطابق گیارہ فروری انیس سو اناسی کو عظیم الشان اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنار ہوا تھا۔

اسی بنا پر بارہ بہمن یعنی امام خمینی رح کے ایران پہنچنے سے لے کربائیس بہمن یعنی انقلاب اسلامی کی کامیابی تک پورے ملک میں عظیم الشان جشن و تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے جسے عشرہ فجر کہا جاتا ہے۔ 

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کريں 

 

ٹیگس