Feb ۰۳, ۲۰۲۲ ۱۰:۳۲ Asia/Tehran
  • صدر اور کابینہ کے ارکان کی جانب سے بانی انقلاب اسلامی کو خراج عقیدت

اسلامی جہموریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے بانی انقلاب اسلامی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام خمینی(رح) اللہ پر بھروسہ اور عوام کی طاقت و حمایت پر یقین رکھتے تھے اور انہوں نے اقتدار میں عوام کو بھرپور شراکت داری دی ۔

صدرمملکت سید ابراہیم رئیسی اور ان کی کابینہ کے اراکین نے عشرہ فجر کے دوسرے دن  بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے مزار پرحاضری دی اور ان کی امنگوں سے تجدید عہد کیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے عشرہ فجر اور اسلامی انقلاب کی تینتالیسویں سالگرہ کی آمد  کی مناسبت سے بدھ کی صبح بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے مزار پر حاضری دی۔ صدر مملکت نےاپنی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ بانی اسلامی انقلاب حضرت امام خمینی (رح) کے مزار پر حاضری دے کر عصر حاضر کے عظیم رہنما اور شہدائے انقلاب کو خراج عقیدت پیش کیا.

ایران کے صدر اوران کی کابینہ نے اس موقع پر شہدائے انقلاب کے مزار پر حاضر ہوکر شہید محمد علی رجایی، محمد جواد باہنر اور محمدحسین بہشتی کی ارواح کے لئے فاتحہ خوانی اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی.

صدر مملکت نے اس موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رح کا طریقہ یہ تھا آپ خدا پر توکل اور عوام پر پوری توجہ دیتے تھے اور خدا پر توکل اور عوام کو اپنے ساتھ رکھنا آپ کے دو بنیادی اصول تھے جن کی بدولت صدی کا سب سے بڑا انقلاب برپاکیا۔ انھوں نے کہا کہ امام خمنی رح ہمیشہ عوامی طاقت و اقتدار میں ان کی شراکت پر یقین رکھتے تھے اور ان کے فیصلے کو خاص اہمیت دیتے تھے یہی وجہ ہے کہ اسلامی انقلاب نے جہاں بھی کامیابی حاصل کی وہاں عوام میدان میں موجود رہے اور ان کی بدولت ہی کامیابی حاصل ہوئی۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رح کی وطن واپسی اوراسلامی انقلاب کی کامیابی کی تینتالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے ملک بھر میں دس روزہ تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ اوربانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی کی  فاتحانہ انداز میں وطن واپسی کی مناسبت سے شروع ہونے والی عشرہ فجر کی تقریبات ملک کے مختلف علاقوں میں منعقد کی جا رہی ہیں ۔ جشن عشرہ فجر کے آغاز کی مناسبت سے دیگر تقریبات کا انعقاد بھی ہوا جن میں تہران کے مہرآباد ہوائی اڈے سے تاریخی بہشت زہرا قبرستان تک بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کی آمد کے راستے میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے پھولوں کی بارش، مسلح افواج کی موٹرسائکل پریڈ اور امام خمینی رح کے روضے میں منعقد ہونے والے خصوصی پروگرام خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔

قابل ذکے ہے کہ تینتالیس سال قبل یکم فروری انیس سو اناسی کو اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی(رح) پندرہ سال کی جلاوطنی کے بعد ایران واپس تشریف لائے تھے اور قوم نے آپ کا فقید المثال استقبال کیا تھا۔ امام خمینی(رح) کی وطن واپسی کے محض دس روز بعد گیارہ فروری انیس سو اناسی کو ایران کا عظیم اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنارہوا تھا۔اس موقع پر بانی انقلاب اسلامی امام خمینی کے مزار پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جبکہ ایران بھر میں جشن انقلاب کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے۔ سبھی چھوٹے بڑے شہروں، قریوں اور دیہاتوں کو قومی پرچموں، برقی قمقموں اور انقلاب و شہدا کی تصاویر سے آراستہ کر دیا گیا۔اسکے علاوہ ایران بھر کی مساجد میں امام خمینی کی وطن واپسی کے وقت کی یاد میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا جبکہ ملک بھر کے کلیساؤں میں ناقوس، ٹرینوں اور بحری جہازوں کے ہارن اور اسکولوں میں گھنٹی بجائے گئی۔ اسکے ساتھ ہی تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ سے شہیدوں کے قبرستان بہشت زھرا جانے والے تاریخی راستے میں موٹر سائیکل سواروں کی ریلی نکالی گئی اور اس راستے پر پھول نچھاور کئے گئے۔

ٹیگس