Feb ۰۸, ۲۰۲۲ ۰۸:۱۸ Asia/Tehran
  • ہم اپنی اقتصاد کو ویانا مذاکرات کے نتیجے پر منحصر نہیں کریں گے: ابراہیم رئیسی

صدر جمہوریہ ایران سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ انکی حکومت ملک کی اقتصاد کو ویانا میں ایران کے خلاف پابندیوں کو ہٹانے کے لئے جاری مذاکرات کے نتیجے پر منحصر نہیں کرے گی۔

انہوں نے پیر کے روز تہران کے دورے پر آئے فنلینڈ کے وزیر خارجہ پیکا ہاویستو سے ملاقات میں یہ بات کہی۔

فنلینڈ کے ساتھ ایران کے دیرینہ تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران میں انقلاب کی کامیابی کے بعد دونوں ملکوں کے مابین تعلقات مستقل طور پر دوستانہ رہے ہیں لیکن فنلینڈ کو ہوشیار رہنا چاہیئے کہ کہیں دوسرے ملکوں کے ساتھ اس کے تعلقات بیرونی عناصر سے متاثر نہ ہو جائے۔

سید ابراہیم رئیسی نے ایران کے خلاف پابندیوں کے ہٹانے کے لئے ایٹمی معاہدے کے باقی فریقوں کے مابین جاری مذاکرات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے ہی کہ چکے ہیں کہ اگر پابندیاں ہٹتی ہیں تو مفاہمت کا راستہ ہموار ہوگا۔ ایران ثابت کر چکا ہے کہ وہ اپنے وعدہ پر قائم رہتا ہے، لیکن ہم اپنے ملک کی اقتصاد کو ایٹمی معاہدے کے نتیجے پر منحصر نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ وہ امریکی تھے جنہوں نے جوہری معاہدے جے سی پی او اے کی خلاف ورزی کی اور جنہوں نے اپنے وعدوں کو پورا نہیں کیا وہ یوروپی تھے، جبکہ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی آئی اے ای اے نے مختلف رپورٹوں میں ایران کی طرف سے اٹھنے والے پرامن اقدام کی تائید کی ہے۔

اس موقع پر فنلینڈ کے وزیر خارجہ ہاوستو نے ایران-فنلینڈ کے مابین سفارتی تعلقات کی  90 ویں سالگرہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نظر میں ایران کے ساتھ تعلقات بہت اہمیت رکھتے ہیں اور دونوں ملکوں کے مابین موجودہ  تعاون کی سطح کو بڑھانے کے بہت امکانات موجود ہیں۔

 

 

ٹیگس