ایک اچھے سمجھوتے کے حصول کے لئے پرعزم ہیں: امیرعبداللہیان
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے زور دے کر کہا ہے کہ ہم پوری سنجیدگی ، منصوبہ بندی اور جدت عمل سے مذاکرات کی میز پر موجود ہیں اور ایک اچھے سمجھوتے کے لئے پرعزم ہیں۔
ایران کے وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے جمعرات کو مختلف ملکوں کے سفیروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی عزت دار قوم نے ثابت کردیا ہے کہ وہ عزت و احترام کا جواب عزت و احترام سے دے گی اور دھمکی کا جواب استقامت اور فریق مقابل کی زبان میں دے گی۔
ایران کے وزیرخارجہ نے یاد دہانی کرائی کہ اس وقت اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے موقع پر ویانا میں ایرانی مذاکراتی وفد ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کے لئے مذاکرات کر رہا ہے۔
امیرعبداللہیان نے مزید کہا کہ آج ویانا ، امریکہ اور مغربی فریقوں کے لئے ایک عظیم آزمائش ہے تاکہ عالمی برادری کے سامنے اپنے حقیقی رویے کا مظاہرہ کریں ۔
ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ مذاکرات کے خاتمے کے وقت کا تعین، مغربی فریق کی جانب سے پابندیوں کے خاتمے کی مکمل پابندی کا عزم اورمعاہدے میں تمام فریقوں کی واپسی سے ہوگا۔
امیرعبداللہیان نے زور دے کر کہا کہ ہم مشترکہ مفادات اور برابری کی بنیاد پرباہمی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں اور علاقائی و بین الاقوامی تعاون کے سلسلے میں خاص موقف رکھتے ہیں ۔