Feb ۱۴, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۸ Asia/Tehran
  • وزیر خارجہ آئرلینڈ کی صدر ایران سے ملاقات، دوطرفہ اقتصادی تعاون پر زور

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے ایران اور آئرلینڈ کے درمیان تجارتی اور اقتصادی لین دین کے فروغ پر زور دیا ہے۔

آئرلینڈ کے وزیر خارجہ سائمن کوونی سے بات چیت کرتے ہوئے صدر ایران کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی لین دین کی بے پناہ گنجائش پائی جاتی ہے جس سے پھرپور فائدہ اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے تہران اور ڈبلن کے درمیان تعلقات کی موجودہ سطح کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران، امریکہ اور بعض یورپی ملکوں کے ناجائز مطالبات کے مقابلے میں، آئرلینڈ کی آزادانہ پالیسی کا خیر مقدم کرتا ہے۔
صدر ایران نے کہا کہ قومی مفادات کا خیال رکھتے ہوئے دنیا کے تمام ملکوں کے ساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات کا قیام ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تہران اسی اصول کے تحت ویانا مذاکرات میں پابندیوں کے خاتمے اور ایرانی عوام کے حقوق کے احترام پر زور دے رہا ہے۔
آئر لینڈ کے وزیر خارجہ سائمن کوونی نے بھی اس موقع پر کہا کہ امریکہ کی عہد شکنی کی وجہ سے ایٹمی مذاکرات کے بارے میں ایرانی عوام کی سرد مہری کو پوری طرح سے محسوس کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کا خیال ہے کہ مذاکرات کے دوران ایران کو لازمی ضمانتیں فراہم کی جانا چاہییں تاکہ معاہدہ دوبارہ برقرار ہوسکے۔
آئرلینڈ کے وزیر خارجہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے ڈبلن اور تہران کے درمیان ہمہ گیر تعلقات کے فروغ پر بھی زور دیا۔

ٹیگس