Feb ۲۲, ۲۰۲۲ ۲۰:۰۷ Asia/Tehran
  • جی ای سی ایف سربراہی اجلاس میں صدر ایران کا خطاب

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے قطر میں گیس برآمد کرنے والے ملکوں کے سربراہی اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ قدرتی گیس دنیا میں توانائی کے مستقبل کا بہترین ذریعہ ہے جو انسانی سماج و معاشرے کے لئے بھی توانائی کا اہم ترین وسیلہ شمار ہوتی ہے۔

گیس پیدا اور برآمد کرنے والے ملکوں کے فورم جی ای سی ایف کا چھٹا سربراہی اجلاس منگل کو دوحہ میں امیر قطر کی تقریر سے شروع ہوا جس میں صدر ایران سید ابراہیم رئیسی بھی شریک تھے۔

ایران دنیا میں قدرتی گیس کے بڑے ذخائر کا حامل ایک اہم ملک ہے۔ صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے گیس پیدا اور برآمد کرنے والے ملکوں کے فورم کے چھٹے سربراہی اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ قدرتی گیس کے عظیم ذخائر اور اس کی برآمدات کرنے والے ملکوں کی حیثیت سے ہم پوری دنیا کو اس بات کا واضح اور شفاف پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اس فورم کا ہدف و مقصد رکن ملکوں کی حاکمیت و اقتدار اعلیٰ سے جڑے حقوق کی حمایت اور مزید گیس کا پتہ لگانے کے لئے آپس میں تعاون کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس برآمد کرنے والے ملکوں کے پہلے سربراہی اجلاس کو دس سے زائد برس کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس کے بعد دوحہ میں اکیسویں صدی میں پائیدار ترقی کی مشکلات کے جواب میں قدرتی گیس کے نعرے کے ساتھ اب یہ سربراہی اجلاس منعقد ہوا ہے جبکہ دنیا کو اس وقت اس نعرے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اس فورم کے رکن ملکوں کے اجتماعی تعاون کی ماضی سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔

صدر ایران نے کہا کہ گیس برآمد کرنے والے ملکوں کے فورم کے ایک رکن کی حیثیت سے عالمی منڈیوں میں قدرتی گیس کی زیادہ سے زیادہ برآمدات سے متعلق ایران کا نقطہ نظر انسان دوستانہ پہلوؤں پر استوار ہے۔

ٹیگس