ایران کا یورپ اور اقوام متحدہ سے دہشتگرد گروہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
ایران نے کہا ہے کہ یورپ اور اقوام متحدہ منافقین کے دہشت گرد گروہ کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
ایرانی عدلیہ کے ڈپٹی سکریٹری برائے بین الاقوامی امور اور ایرانی کونسل برائے انسانی حقوق کے سکریٹری کاظم غریب آبادی نے جینوا میں منعقدہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ایران کا موقف پیش کرتے ہوئے یورپ اور اقوام متحدہ سے منافقین کے دہشت گرد گروہ کے افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک منافقین کے دہشت گرد گروہ کے افراد کے لئے سرخ قالین بچھاتے ہیں، ان کے ساتھ مذاکرات اور ان کی حمایت کرتے ہیں اور اسی حمایت کی وجہ سے وہ اپنے آپ کو انسانی حقوق کے حامی کے طور پر پیش کرتے ہیں۔
غریب آبادی نے کچھ حکومتوں کے انسانی حقوق کے تعلق سے دوہرے معیار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی انسانی حقوق کی بات کرتا ہے اور بعض اوقات کسی مجرم کی حمایت کے لیے سیاسی حمایت اور ذرائع ابلاغ کو بھی متحرک کرتا ہے، کچھ لوگ جان بوجھ کر پابندیوں کے نتیجے میں ایرانی عوام کے حقوق کی وسیع پیمانے پر پامالی کو نظر انداز کرتے ہیں۔
کاظم غریب آبادی نے انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے میدان میں اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی معاشرے میں افراد کے حقوق کے تحفظ اور فروغ پر مبنی ہے اس لئے کہ انسانی حقوق کے تحفظ پر ہمارا پختہ یقین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایمان اور مضبوط مذہبی عقائد، مضبوط ثقافتی اور قانونی ڈھانچہ، نیز انسانی حقوق اور اس کے تحفظ کے لیے اصولی نقطہ نظر، اسلامی جمہوریہ ایران میں انفرادی اور سماجی طرز زندگی کے اہم ستون ہیں۔
کاظم غریب آبادی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے انسانی حقوق کے تحفظ میں نمایاں پیش رفت کی ہے اور منشیات اور بین الاقوامی اسمگلنگ کے گروہوں کے خلاف جنگ میں اس نے بہت زیادہ انسانی اور مالی قیمت چکائی ہے۔