Mar ۰۳, ۲۰۲۲ ۲۱:۴۶ Asia/Tehran
  • شہید قاسم سلیمانی کی بیٹی زینب سلیمانی کی ہندوستان جانے کی خواہش

سپاہ قدس کے سابق کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کی بیٹی زینب سلیمانی کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کی حفاظت کرنا اور مظلوموں کے حقوق کے لئے اپنی زندگی کو قربان کر دینا میرے والد کا خواب تھا۔

زینب سلیمانی نے انگریزوں کی غلامی سے آزادی کے لئے ہندوستانیوں کے جد و جہد کی قدردانی کرتے ہوئے ہندوستان جانے کی خواہش ظاہر کی ۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے سینئر صحافی رضوان مصطفی نے اپنے دورہ ایران کے دوران آئی آر جی سی کی قدس بریگیڈ کے سابق کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کی بیٹی زینب سلیمانی سے دار الحکومت تہران میں ملاقات کی اور انہیں ان کے والد کی شہادت پر تعزیت پیش کی۔

اس موقع پر شہید جنرل قاسم سلیمانی کی بیٹی زینب سلیمانی نے تہلکہ ٹو ڈے کے ایڈیٹر رضوان مصطفی سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ شام اور عراق میں اپنے سیاسی اہداف کے حصول کے لئے امریکا اور اسرائیل، دہشت گرد گروہوں اور مسلح تنظیموں کو وجود میں لائے ہیں تاہم میرے والد شہید جنرل قاسم سلیمانی نے شام اور عراق کے عوام اور حکومت کی بھرپور حمایت سے تکفیری دہشت گردوں کو شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ آج امریکی استعمار اور اس کا آلہ کار میڈیا اور سوشل میڈیا، دنیا کے مظلوموں کے ذہن سے میرے شہید والد کا نام مٹانے کی مسلسل کوشش کر رہا ہے لیکن اس کے باوجود بھی لوگوں کی محبت مسلسل بڑھ رہی ہے۔

 

زینب سلیمانی نے مزید کہا کہ یہ سنت الہی ہے کہ حق اور باطل کی جنگ روز قیامت تک جاری رہے گی جس میں حق اور مظلوموں کو فتح نصیب ہوگی۔

زینب سلیمانی کا کہنا تھا کہ حالانکہ میرے والد اعلی فوجی جنرل تھے لیکن وہ اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ ایک رحم دل والد اور سچے دوست کے طور پر رہتے تھے، انہیں اپنے بچوں کا روز پیدائش یاد تھا اور ہمیں میدان جنگ سے مبارکباد دیتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے والد مجھے کئی بار شام اور عراق میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں اپنے ساتھ لے گئے تھے، جب وہ کبھی کسی معصوم بچے کو گریہ کرتے دیکھتے تھے تو ان کی آنکھیں بھر جاتی تھیں۔

زینب سلیمانی نے ہندوستان میں موجود شہید جنرل قاسم سلیمانی سے محبت اور اظہار ہمدردی کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں ان کی محبت کا احترام کرتی ہوں اور چاہتی ہوں کہ ایک بار ہندوستان کا سفر کروں۔

ٹیگس