Mar ۱۸, ۲۰۲۲ ۱۶:۴۸ Asia/Tehran
  • انسانی حقوق سے متعلق بے بنیاد رپورٹ ایران کی جانب سے مسترد

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ پولیٹکل اور سلیکٹیو اپروچ کے نتیجے میں انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد ملنا تو کجا بلکہ نقصان پہنچے گا اور انسانی اقدار کمزور پڑجائیں گی۔

وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے نے ایران کے بارے میں انسانی حقوق کے خصوصی رپورٹر ، جاوید رحمان کی تازہ رپورٹ کو سیاسی، جانبدارانہ اور غلط معلومات پر مبنی قرار دیتے ہوئے اسے سختی کے ساتھ مسترد کردیا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جبری اور یکطرفہ اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر کی مرتب کردہ رپورٹ میں، یکطرفہ اور جبری اقدامات کے منفی نتائج کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں کہا گیا جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ رپورٹ مکمل جانبدارانہ اور ناقص ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اس رپورٹ کے بارے میں اپنا موقف تفصیل کے ساتھ انسانی حقوق کونسل کو پیش کردیا ہے جسے رسمی طور پر شائع بھی کیا جا چکا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے انسانی حقوق کے خصوصی رپورٹر کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات اور اس رپورٹ میں کیے گئے دعووں کو سراسر جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام الزامات اور دعوے دہشت گرد گروہ، ایم کے او اور مغربی ملکوں جیسے جانبدارانہ ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ ایران خصوصی رپورٹر کے مشن کو قبول نہیں کرتا اور انسانی حقوق کونسل کی قرارداد کو سیاسی محرکات کا حامل سمجھتا ہے لیکن وہ اس بارے میں اپنا موقف ہمیشہ بیان کرتا رہا ہے مگر افسوس ہے کہ خصوصی رپورٹر نے ایران کے حقیقت پسندانہ موقف پر کبھی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے رویے سے انسانی حقوق کے رپورٹر کی مکمل جانبداری اور سیاسی سوچ کی تصدیق ہوتی ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ سعید خطیب زادہ نے واضح کیا کہ ایران ایک جانب انسانی حقوق کے بارے میں مغربی ملکوں کے دوغلے اور ریاکارانہ رویے کو مسترد کرتے ہوئے، خود کو دنیا بھر میں انسانی حقوق کی بالادستی کے قیام کا پابند سمجھتا ہے اور دوسری جانب امریکہ کے یکطرفہ اور جبری اقدامات کا مقابلہ کرتے ہو‏ئے، اندرون ملک انسانی حقوق کے تحفظ کو ٹھوس بنیاد پر آگے بڑھا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ایران کے بارے میں انسانی حقوق کے خصوصی رپورٹر جاوید رحمان نے اپنی تازہ سیاسی رپورٹ میں تہران کے خلاف بعض بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں۔ حالیہ برسوں کے دوران ایران کے لیے مقرر انسانی حقوق کے خصوصی رپورٹر جانبدارانہ اور جعلی معلومات کی بنیاد پر تیار کی جانے والی رپورٹیں پیش کرکے، عملی طورپر ایرانی قوم کے دشمنوں کے سیاسی آلہ کار اور تہران پر دباؤ ڈالنے کا ہتھکنڈہ بنے ہوئے ہیں۔

انسانی حقوق کے رپورٹر کی تازہ رپورٹ ایسے وقت میں تیار کی گئی ہے کہ جب انسانی حقوق کا دھیان رکھنے کے حوالے سے ایران کی برتری اور تعمیری تعاون اور گفتگو کے ذریعے بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔

ٹیگس