Mar ۱۹, ۲۰۲۲ ۱۶:۱۴ Asia/Tehran
  • دفاعی آلات میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر زور

ایرانی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل شہرام ایرانی نے دفاعی آلات کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس یا مصنوعی ذہانت سے لیس کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ایران: ہمارے نمائندے کے مطابق بحریہ کے کمانڈرایڈمرل شہرام ایرانی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا آرٹیفیشل انٹیلیجنس یا مصنوعی ذہانت کے استعمال کی سمت قدم بڑھا رہی ہے اور ہم بھی جدید ٹیکنالوجی سے کام لینے کی کوشش کررہے ہیں۔

ایڈمرل شہرام ایرانی کا کہنا تھا کہ ہماری بحریہ مستقبل کی جنگوں کو عملیت پسندانہ اور ٹیکنالوجی بیسڈ جنگوں کے طور پر دیکھ رہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ مستقبل کے خطرات کو سامنے رکھتے ہوئے مسلح افواج کو وقت کے دفاعی تقاضوں اور ٹیکنالوجیوں سے پوری طرح ہم آہنگ کیا جائے ۔

قبل ازیں ایران کی مسلح افواج نے جدید ترین دفاعی آلات کی تیاری میں مصنوعی ذہانت سے کام لینے کا اعلان کیا تھا۔ ایرانی فضائیہ اورخلائی ریسرچ سینٹر نے مصنوعی ذہانت کے متعدد منصوبوں پرکام بھی کیا ہے اور باہمی تعاون کے کئی سمجھوتے بھی کیے ہیں جن میں مصنوعی ذہانت کا استمعال کرتے ہوئے نقشوں کی تیاری کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائی یونٹ نے مدافعان آسمان ولایت کے نام سے ہونے والی حالیہ مشقوں کے دوران پہلی بار اسمارٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کا تجربہ کیا تھا۔ بری فوج کے ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل مسعود خزاعی نے بھی چند ماہ قبل، مصنوعی ذہانت سے لیس ڈرون طیاروں کی ساخت اور تیاری کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ ڈرون طیارے زمینی اور فضائی اہداف کی شناخت کرنے کی صلاحیت رکھنے کے علاوہ ضرورت پڑنے پرالگ الگ اوریا ایک نیٹ ورک کی صورت میں مطلوبہ اہداف کو نشانہ بھی بناسکتے ہیں۔

ماہرین اور سائنسدان ، مصنوعی ذہانت کی مختلف تعریفین بیان کرتے ہیں جیسے اسمارٹ گاڑیوں کی تیاری یا اسمارٹ کمپیوٹر تیار کرنے والی ٹیکنالوجی وغیرہ ۔ قدرتی ذہانت سے شباہت رکھنے کی اس ٹیکنالوجی کے میدان میں کوشش کی جارہی ہے کہ انسان کی ذہنی توانائیوں اور استعداد کے ریاضیاتی ماڈلوں سے کام لیتے ہوئے اس ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کو دفاعی آلات اور وسائل میں بھی استعمال کیا جائے۔

قبل ازیں ایرانی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل شہرام ایرانی نے گزشتہ روز بحریہ کے اسکواڈرن کی آزادی اور سمندری مشن پر روانگی کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران دشمن کو شرپسندی کی ذرہ برابر اجازت نہیں دے گا اور اسے اپنے پیروں تلے کچل کر رکھ دے گا۔

ایڈمرل شہرام ایرانی کا کہنا تھا کہ طاقت کے عالمی ڈھانچے پر غور کریں اور دیکھیں اسے کس طرح تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نہیں چاہتا کہ طاقت کے عالمی ڈھانچے میں ایران بھی موجود ہو اور ہمارے اثر و رسوخ کا راستہ روکنے کی لاحاصل کوشش کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ ایران کی دفاعی حکمت عملی، پیشرفتہ دفاعی بنیادوں پراستوار ہے جس میں جدید ترین ہتھیاروں اور آلات سے لیس تجربہ کار اور طاقتور مسلح افواج بنیادی کردار کی حامل ہیں

ٹیگس