ایران میں آنلائن تعلیمی سلسلہ ختم، اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کی رونقیں بحال
اسلامی جمہوریہ ایران میں کورونا کی روک تھام کے لئے شروع ہونے والے آنلائن طریقہ تعلیم کو ختم کرکے کورونا سے قبل تعلیمی نظام کو بحال کردیا گیا ہے اور طلبعلم اب اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں جا کر تعلیم حاصل کریں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں آج اتوار سے کورونا کے باعث آنلائن تعلیمی سلسلہ بند کرنے اور کلاسوں میں طالبعلموں کی آف لائن موجودگی کا فیصلہ کورونا کی روک تھام کے لئے قائم انسداد کورونا کے قومی ادارے نے کیا ہے ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت تعلیم کے حکام نے تاکید کی ہے کہ انسداد کورونا کے قومی ادارے کا فیصلہ تمام اداروں منجملہ وزارت تعلیم کے لئے لازم العمل ہے اورتمام سرکاری و غیرسرکاری اسکول اس پرعمل کرنے کے پابند ہیں ۔
ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق تمام ایرانی اسکول اور کالج، کورونا وائرس پھیلنے کے بعد سے ہی آنلائن نظام تعلیم کے پروگرام پرعمل پیرا تھے ۔
ایران کی وزارت تعلیم نے کورونا کی روک تھام کے ادارے کے نئے فیصلے کی بنیاد پر موجودہ صورتحال کے مطابق نئے شرائط کے ساتھ اسکول کھولنے کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ رازی گرل کالج کی پرنسپل زرین پی مقدم نے آج صبح ایران پریس کو اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ تعلیم کے لئے اسکولوں میں طلبہ کی حاضری کورونا پروٹوکول اور طبی اصولوں کے مطابق انجام پارہی ہے ۔