Apr ۱۲, ۲۰۲۲ ۲۳:۳۵ Asia/Tehran
  • افغانستان میں ایران کے نمائندہ دفاتر اپنا کام جاری رکھیں گے: ترجمان وزارت خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران نے زور دے کر کہا ہے کہ افغانستان میں ایران کا سفارتخانہ اور قونصل خانے کھلے رہیں گے اور اپنا کام جاری رکھیں گے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے منگل کو کابل میں ایران کے سفارتخانے اور افغانستان کے دیگر شہروں میں ایرانی قونصل خانوں کی سرگرمیوں کے سلسلے میں کہا کہ افغانستان میں ایران کے تمام نمائندہ دفاتر کھلے رہیں گے اور اپنا کام جاری رکھیں گے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ افغانستان کی عبوری حکومت سے توقع ہے کہ وہ افغانستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام سفارتی مراکز کو ذمہ داری کے ساتھ مکمل سیکورٹی فراہم کرے گی اور ان کی حفاظت کرے گی۔

واضح رہے کہ پیر کو کچھ لوگوں نے کابل میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے اور ہرات میں ایران کے قونصل خانے کے سامنے اکٹھا ہو کر پتھراؤ کیا۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر ایران اور افغانستان کے عوام کو ایک دوسرے کے خلاف اشتعال دلانے کے لئے افغان مہاجرین کے بارے میں کچھ جعلی خبریں اور افواہیں پھیلائے جانے کے بعد پیش آیا ہے ۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ اس طرح کی جعلی خبریں پھیلانے کے پیچھے ایران اور افغانستان کے عوام کے دشمنوں اور خاص طور پر امریکا اور اس کے آلہ کاروں کا ہاتھ ہے۔

ٹیگس