Apr ۲۳, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۲ Asia/Tehran
  • ایران نے کی قندوز میں اہلسنت کی مسجد پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے افغانستان کے صوبہ قندوز میں اہلسنت کی مسجد پر دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے قندوز کے دہشت گردانہ حملے سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

خطیب زادہ نے کہا کہ افغانستان میں غیر علاقائی طاقتیں داعش دہشت گردوں کی پشتپناہی کررہی ہیں اور داعش دہشت گرد شیعہ اور سنی مساجد پر مسلسل حملے کرکے معصوم اور بے گناہ شہریوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شیعہ اور سنی کے درمیان تصادم سامراجی طاقتوں کی دیرینہ سازش اور آرزو ہے۔ شیعہ اور سنیوں کو متحد ہوکر دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا چاہیے۔

اس رپورٹ کے مطابق عینی شاہدوں نے اس بم دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک 60 افراد شہید اور 30 زخمی ہوئے ہیں ۔ طالبان کی جانب سے اس دھماکے پر اب تک کسی بھی قسم کا کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

افغانستان کے مختلف شہروں میں ان دنوں مسلسل دہشت گردانہ بم دھماکے ہو رہے ہیں، دارالحکومت کابل اور ایک اسکول میں حالیہ دہشت گردانہ بم دھماکوں میں 26 افراد شہید اور دسیوں دیگر زخمی ہوئے تھے۔ جبکہ مزار شریف میں بھی دہشت گردانہ بم دھماکے میں دسیوں افراد شہید و زخمی ہوئے۔ جمعرات کو ہی قندوز ایرپورٹ کے قریب طالبان کی چیک پوسٹ کے سامنے بھی بم کا دھماکہ ہوا جس میں  17 افراد جاں بحق و زخمی ہوئے۔ افغانستان میں شیعہ مسلمانوں کی مساجد میں ہونے والے بیشتر دہشت گردانہ حملوں اور بم دھاکوں کی ذمہ داری داعش دہشت گرد گروہ نے قبول کی ہے۔

ٹیگس